• KHI: Fajr 5:10am Sunrise 6:26am
  • LHR: Fajr 4:38am Sunrise 5:59am
  • ISB: Fajr 4:42am Sunrise 6:05am
  • KHI: Fajr 5:10am Sunrise 6:26am
  • LHR: Fajr 4:38am Sunrise 5:59am
  • ISB: Fajr 4:42am Sunrise 6:05am

نواز شریف ملک کی خیر مانگنے والا شخص ہے، شہباز شریف

شائع February 6, 2024
فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوازشریف ملک کی خیر مانگنے والا شخص ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق قصور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو کامیاب کریں تو ملک کو مشکل سے نکال دیں گے، ایک طرف نواز شریف کی خدمت اور دوسری طرف فراڈ ہے، ایک طرف تحمل اور برداشت اور دوسری طرف رعونت ہے، ایک طرف ایثار اور قربانی تو دوسری طرف پیسہ بٹورنے کی خواہش ہے۔

سابق وزیر اعظم نے بتایا کہ (ن) لیگ کو موقع دیا تو قصور کو بھی لاہور بنادیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ 8 فروری کو طلوع ہونے والا سورج 9 مئی کوختم کردے گا۔

صدر مسلم لیگ (ن) نے بتایا کہ نواز شریف کے خلاف کتنی بڑی سازش ہوئی، نواز شریف نے اپنا مقدمہ اللہ پر چھوڑا تھا، ہم نے شہدا کو گالی نہیں دی یا شہدا کی یادگاروں کو آگ نہیں لگائی، نواز شریف نے جادو ٹونے کا سہارا بھی نہیں لیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں جب بھی ملک پر کڑا وقت آیا تو نوازشریف آگے بڑھ کر آیا، نوازشریف کی حکومت کا 3 مرتبہ تختہ الٹا گیا لیکن نوازشریف نے کبھی کسی سپہ سالار کو میر جعفر نہیں بولا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ایک مہربان نے کہا (ن) لیگ نے سندھ میں جلسے نہیں کیے، میں مہربان سے کہتا ہوں آپ کی کارکردگی ہی ہماری سندھ میں انتخابی مہم ہے، جنہوں نے کراچی کو لاہور بنانا ہے تو باقی کیا بات رہ گئی! ہم نے کراچی میں بھی یہی آکر کہنا تھا کہ یہ ہے آپ کی کارکردگی۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو موقع دیا تو پورے ملک میں نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیں گے، 8 فروری کا دن نوٹ کر لو، ترقی چن لو، ملک میں بیروزگاری کو ختم کرو۔

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سروے یہ کہہ رہے ہیں کہ (ن) لیگ مقبولیت میں سب سے آگے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قصور کے عوام کو دیکھ کر دل خوش ہوگیا ہے، قصور کے لوگ نواز شریف سے بہت محبت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نےانتخابی مہم کا آخری جلسہ قصور میں کیا، نواز شریف نے قصور میں انتخابی مہم کا آخری جلسہ کرکے محبت کاثبوت دیا ہے، میں قصور والوں سمیت پوری قوم کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔

مریم نواز نے بتایا کہ تمام سروے یہ کہہ رہے کہ (ن) لیگ مقبولیت میں سب سے آگے ہے، ہر سروے نے مخالفین کے جھوٹے دعوؤں کے پرخچے اڑا دیے ہیں۔

’تمام مظالم بھلانے کو تیار ہوں‘

رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ نواز شریف پر ظلم و جبر کی ہر حد کو پھلانگا گیا تھا، کہا گیا تھا کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی ہے مگر آج سیاست نواز شریف سے شروع اور انہی پر ختم ہو رہی ہے، ملک میں نواز شریف کے علاوہ کسی کی بات نہیں ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مخالفین کی تقریر بھی نواز شریف سے شروع ہوکر نواز شریف پر ختم ہوتی ہے مگر (ن) لیگی قیادت نے مخالفین پر ذاتی تنقید نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں آج وعدہ کرتی ہوں کہ تمام مظالم بھلانے کو تیار ہوں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ورکرز کو کہتی ہوں نفرت کی سیاست کو ہمیشہ کےلیے دفن کردیں اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست چھوڑ دیں۔

مریم نواز نے کہا کہ میرا سیاسی جنم ایسے دور میں ہوا جہاں ماں، بہن اور بیٹی کی کوئی عزت نہیں تھی، میرا سیاسی جنم مشکل سیاسی دور میں ہوا جہاں بیٹیوں اور بہنوں کو کال کوٹھریوں میں پھینکا گیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف کی کردار کشی کی گئی، ہر جلسے میں مجھ پر کیچڑ اچھالا گیا، بدتمیزی کی گئی، ان کے خلاف ذاتی نوعیت کا فیصلہ آیا تو نواز شریف اور شہباز شریف نے کچھ نہیں بولا۔

’عوام نے ہر ظلم، ہر جبر سہا لیکن نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا‘

چیف آرگنائزر (ن) لیگ نے کہا کہ عوام نے ہر ظلم، ہر جبر سہا لیکن نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا، اس جلسے کو گواہ بنا کر کہتی ہوں آپ اور اس ملک کی خاطر تمام مظالم بھلانے کو تیار ہوں۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ مخالفین نے طریقہ ڈھونڈ لیا ہے کہ کارکردگی بتانے کے لیے نہیں ہے تو نواز شریف پر تنقید کرو۔

انہوں نے کہا کہ میں خواب دیکھتی ہوں ایسے پاکستان کا جہاں پر امن، بھائی چارہ اور سلامتی ہو، میں خواب دیکھتی ہوں ایسے پاکستان کا جہاں غریب کا بچہ پیٹ بھر کر روٹی کھائے، میں خواب دیکھتی ہوں ایسے پاکستان کا جہاں پر حکومت کی توجہ انتقام پر نہیں خدمت پر ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ایسے پاکستان کا خواب دیکھتی ہوں جہاں آپ کے ہاتھ میں پیٹرول بم نہیں، لیپ ٹاپس ہوں، میں خواب دیکھتی ہوں کہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں ڈنڈے نہیں ڈگریاں ہوں، میں خواب دیکھتی ہوں ایسے پاکستان کا جہاں آپ کا نوجوان روادار اور تمیز دار ہو۔

’8 فروری کو اپنی بہتری اور اپنی نسل کےلیے فیصلہ کرنا ہے‘

مریم نواز نے کہا کہ میں چاہتی ہوں ہمارا نوجوان خودمختار ہو، چاہتی ہوں نوجوانوں کو بہترین اسکول اور یونیورسٹیاں ملیں، میرا دل کرتا ہے کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں انقلاب آئے، ہر شہر میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال ہو جہاں سب کو علاج کی سہولت میسر ہو، دل کرتا ہے ایسا پاکستان دیکھوں جہاں کوئی بچہ اسکول سے باہر نا ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ میں چاہتی ہوں ایسا پاکستان ہو جہاں ہر شخص کے پاس صحت کارڈ ہو، میں ایسا پاکستان چاہتی ہوں جہاں سب کو علاج کی سہولت میسر ہو، خواتین کے لیے باعزت روزگار ہو، باعزت سواری ہو، جہاں آپ کی روزی ہو وہاں آپ کو باعزت مقام ملے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ میرے خواب ہیں اور یہ خواب ضرور پورے کریں گے، 8 فروری کو اپنی بہتری اور اپنی نسل کےلیے فیصلہ کرنا ہے، 8 فروری کو گھر سے اکیلے نہیں نکلنا بلکہ دوست، رشتے داروں کو لے کر نکلنا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ ووٹ کی پرچی نہیں آنے والی نسلوں کا فیصلہ ہے، ووٹ ملک کی امانت ہے آپ نے اچھا فیصلہ کرنا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024