مسلم لیگ (ن) قومی اسمبلی میں واحد بڑی جماعت بن کر سامنے آئی، اسحٰق ڈار کا دعویٰ
پاکستان مسلم لیگ (ن) رہنما سینیٹر اسحٰق ڈار نے کہا ہےکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) قومی اسمبلی میں واحد سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن ) کے الیکشن سیل کے انچارچ اسحٰق ڈار نے کہا کہ سامنے آنے والے انتخابی نتائج اور مسلم لیگ (ن) کے الیکشن سیل کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) قومی اسمبلی میں واحد سب سے بڑی سیاسی جماعت اور پنجاب اسمبلی میں واضح اکثریت والی جماعت کے طور پر سامنے آرہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قبل از وقت اور متعصبانہ قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہیے جب کہ ہم الیکشن کمیشن کے مکمل سرکاری نتائج کے منتظر ہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اب تک کے نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) 17 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے، پاکستان پیپلز پارٹی 15 سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ شام 5 بجے پولنگ کا عمل ختم ہونے کے بعد تقریبا 20 گھنٹے کے بعد بھی الیکشن کمیشن کی جانب سے صرف کچھ ہی نتائج کا اعلان کیا جاسکا ہے جس کی وجہ سے مخلتف حلقوں کی جانب سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں جب کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے نتائج جلد جاری کرنے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔