بونیر سے پہلی بار انتخاب لڑنے والی ہندو امیدوار سویرا پرکاش کو شکست
خیبر پختونخواہ (کے پی) کے ضلع بونیر سے صوبائی اسمبلی کی جنرل نشست کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لینے والی پہلی ہندو امیدوار ڈاکٹر سویرا پرکاش نے شکست تسلیم کرلی۔
ڈاکٹر سویرا پرکاش نے پی کے 25 بونیر ون سے انتخاب لڑا، جہاں غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق انہوں نے 1754 ووٹ حاصل کیے جب کہ وہاں سے آزاد امیدوار ریاض خان 28 ہزار سے زائد ووٹ لے کر جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔
ڈاکٹر سویرا پرکاش نے غیر حتمی نتائج کے فارم کی تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے سپورٹ کرنے پر حلقے کے عوام کا شکریہ بھی ادا کیا
ڈاکٹر سویرا پرکاش نے شکست کے بعد ٹوئٹر پر اظہار تشکر کی ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں انہوں نے نہ صرف اپنے ووٹرز اور حلقے کے عوام کا شکریہ ادا کیا بلکہ انہوں نے ملکی اور عالمی میڈیا کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ڈاکٹر سویرا پرکاش نے اپنی مختصر ویڈیو میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں ٹکٹ دے کر ان پر یقین کیا۔