لاہور ہائیکورٹ: مریم نواز سمیت 20 امیدواروں کی کامیابی کےخلاف درخواستیں مسترد
لاہور ہائی کورٹ نے مریم نواز سمیت 20 امیدواروں کی انتخابات میں کامیابی کے خلاف دائر درخواستیں مسترد کر دیں۔
الیکشن سے متعلق تازہ خبروں کے لیے کلک کریں
ڈان نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔
جن امیدواروں کی کامیابی کے خلاف دائر درخواستیں مسترد کی گئیں ان میں حمزہ شہباز، خواجہ آصف، عطا تارڑ اور عون چوہدری بھی شامل ہیں۔
ان درخواستوں میں انتخابی نتائج کو چیلنج کیا گیا تھا۔
عدالت نے درخواستیں مسترد کرتے ہوئے درخواست گزاروں کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سلمان اکرم راجا کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری
دوسری جانب عدالت عالیہ نے پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجا کی انتخابی نتائج سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے انہیں الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔
جسٹس علی باقر نجفی نے 11 صفحات مشتمل تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ درخواست گزار کی آئینی درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔
انہوں نے لکھا کہ درخواست گزار الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشنز 8 اور 9 کے تحت الیکشن کمیشن سے رجوع کرے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن درخواستوں پر فیصلہ کرتے ہوئے اس معاملے کا بھی حل کرے کہ نتائج کی تیاری امیدوار کی موجودگی میں ہوئی یا نہیں اور آئین کے آرٹیکل 218 کے تحت درخواست پر فیصلہ کرے۔
مزید کہا گیا ہے کہ ریٹرنگ افسر نے عدالت میں عدم پیشی پر غیر مشروط معافی مانگی ہے۔