• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

پی ایس ایل 9 کے افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز کو شکست، اسلام آباد یونائیٹڈ کامیاب

شائع February 18, 2024
آغا سلمان اور شاداب خان نے 138 رنز کی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
آغا سلمان اور شاداب خان نے 138 رنز کی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
صاحبزادہ فرحان نے نصف سنچری اسکور کی— فوٹو: اے ایف پی
صاحبزادہ فرحان نے نصف سنچری اسکور کی— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں کے بعد شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

قلندرز نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے اپنی ٹیم کو 6.3 اوورز میں 67 رنز کا آغاز فراہم کیا جس میں آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز فخر کا حصہ صرف 13 رنز کا رہا۔

دوسرے اینڈ سے صاحبزادہ فرحان نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور وین ڈر ڈوسن کے ساتھ مل کر اسکور کو 89 تک پہنچا دیا۔

اس مرحلے پر صاحبزادہ فرحان کی 36 گیندوں پر ایک چھکے اور 8 چوکوں سے مزین اننگز اختتام کو پہنچی۔

ڈوسن کا ساتھ دینے عبداللہ شفیق آئے اور دونوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 7 اوورز میں 73 رنز کی ساجھے داری بنائی۔

عبداللہ 3 چھکوں کی مدد سے 28 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے جبکہ ڈیوڈ ویزے کی اننگز بھی 14 رنز پر اختتام کو پہنچی۔

جنوبی افریقہ سے آئے ڈوسن نے جارحانہ کھیل کیا اور 41 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 71 رنز کی اننگز تراشی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔

قلندرز نے اننگز کا آغاز کیا اوپنرز نے ٹیم کو 41 رنز کا آغاز فراہم کیا جس میں کولن منرو کا حصہ صرف 5رنز کا رہا۔

ایلکس ہیلز نے 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 36 رنز بنائے لیکن اس سے قبل کہ وہ خطرناک ثابت ہوتے، نوجوان سلمان فیاض نے انہیں اپنی ہی گیند پر کیچ کر کے اننگز کا خاتمہ کردیا۔

62 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد کپتان شاداب خان کا ساتھ دینے آغا سلمان آئے اور دونوں نے قلندرز کے باؤلرز بالخصوص حارث رؤف اور ڈیوڈ ویزے کو آڑے ہاتھوں لینا شروع کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے ناصرف بہترین شراکت قائم کی بلکہ ساتھ ساتھ رن ریٹ بھی تیزی سے بڑھانا شروع کیا اور اپنی ٹیم کو 10 گیندوں قبل ہی فتح دلا دی۔

دونوں کھلاڑیوں نے 138 رنز کی شاندار شراکت قائم کی، کپتان شاداب نے صرف 41 گیندوں پر 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی اننگز کھیلی۔

آغا سلمان نے بھی کپتان کا بھرپور ساتھ دیا اور 31 گیندوں پر 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 64 رنز کی اننگز کھیلی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹائمل ملز نے دو جبکہ نسیم شاہ اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ لی۔

شاداب خان کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ سے قبل ایونٹ کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی تھی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان(کپتان)، ایلکس ہیلز، کولن منرو، سلمان علی آغا، اعظم خان(وکٹ کیپر)، حیدر علی، عماد وسیم، فہیم اشرف، نسیم شاہ، عبید شاہ اور ٹائمل ملز۔

لاہور قلندرز: شاہین شاہ آفریدی(کپتان)، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، راسی وین ڈر ڈوسن، عبداللہ شفیق، لورکا ٹکر(وکٹ کیپر)، سلمان فیاض، ڈیوڈ ویزے، جہانداد خان، حارث رؤف اور زمان خان۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024