کہا تھا اس لیے بھی مواقع ملتے ہیں کہ خوبصورت ہوں، خاقان شاہنواز
ماڈل و اداکار خاقان شاہنواز نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے یہ نہیں کہا تھا کہ انہیں صرف گوری رنگت، سبز آںکھوں اور دراز قد کی وجہ سے مواقع ملتے ہیں بلکہ انہوں نے یہ کہا تھا کہ ان کا خوبصورت ہونا بھی انہیں کام ملنے کی ایک وجہ ہے۔
حال ہی میں خاقان شاہنواز نے پوڈکاسٹ میں واضح کیا کہ ان سے ماضی میں ایک انٹرویو کے دوران سوال کیا گیا کہ کیا انہیں دانیال ظفر کے دوست ہونے کی وجہ سے کام ملتا ہے؟
اداکار کا کہنا تھا کہ انہون ںے مذکورہ سوال پر کہا تھا کہ نہیں، انہیں اس لیے بھی کام ملتا ہے کہ جو سماج نے خوبصورت شخص کا خاکہ بنا رکھا ہے، وہ اس پر پورا اترتے ہیں، اس لیے انہیں کام مل جاتا ہے۔
خاقان شاہنواز نے واضح کیا کہ ان کے کہنے کا مقصد تھا کہ جو سماج اور یہاں کے افراد نے خوبصورتی کے معیار بنا رکھے ہیں، وہ ان معیارات پر پورا اترتے ہیں، اس لیے بھی انہیں مواقع ملتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے کہنے کا مطلب یہ نہیں تھا کہ وہ سب سے خوبصورت اور اچھے ہیں بلکہ وہ یہ بتانا چاہتے تھے کہ سماج کے بنائے گئے خود ساختہ اصولوں پر وہ پورا اترتے ہیں، اس لیے بھی انہیں کام مل جاتا ہے۔
خاقان شاہنواز نے ایک بار پھر تسلیم کیا کہ ان سے بہتر اور ٹیلنٹڈ لوگ بھی ملک میں موجود ہیں لیکن انہیں شوبز میں کام کرنے کے مواقع نہیں مل رہے، کیوں کہ ممکنہ طور پر وہ سماج کے بنائے گئے خوبصورتی کے خاکوں پر پورا نہیں اترتے۔
خیال رہے کہ خاقان شاہنواز ماضی میں خود انٹرویوز میں اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ انہیں ان کی گوری رنگت، دراز قد اور نیلی آنکھوں کی وجہ سے فائدہ ملا اور انہیں آسانی سے شوبز میں کام ملنے لگا، انہیں محنت نہیں کرنی پڑی۔