زمان پارک کے باہر جلاؤ گھیراؤ: عمران ریاض کے جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست پر نوٹس جاری

شائع March 6, 2024
— فائل فوٹو: اسکرین شارٹ
— فائل فوٹو: اسکرین شارٹ

لاہور ہائی کورٹ نے زمان پارک کے باہر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں صحافی عمران ریاض کے جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست پر سرکار کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

جسٹس شہرام سرور چوہدری اور جسٹس وحید خان پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے عمران ریاض کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

جسٹس شہرام چوہدری نے ریمارکس دیے کہ یہ 5 روزہ ریمانڈ آج ختم ہو گیا ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا درخواست کو واپس ٹرائل کورٹ بھجوا دیں؟ دو رکنی بینچ نے درخواست پر پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ یکم مارچ کو لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے زمان پارک کے باہر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں صحافی عمران ریاض کا 5 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔

عمران ریاض خان کے خلاف مقدمہ نمبر 410/23 تھانہ ریس کورس میں درج ہے۔

واضح رہے کہ 22 فروری کو اعلیٰ ترین عدلیہ اور ججز کے خلاف نفرت انگیز مہم کے الزام میں تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے یوٹیوبر اسد طور اور صحافی عمران ریاض کو طلب کیا تھا۔

اس کے اگلے روز عمران ریاض کو 22 اور 23 فروری کی درمیانی شب سادہ کپڑوں میں ملوث اہلکاروں نے گھر سے گرفتار کیا تھا۔

جبکہ 23 فروری کو لاہور کی ضلع کچہری نے کرپشن کے مقدمے میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے صحافی عمران ریاض کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

یکم مارچ کو لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے تھرابی جھیل کا ٹھیکہ اونے پونے داموں لینے کے کیس میں صحافی عمران ریاض خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا تھا۔

تاہم، اسی دن لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے زمان پارک کے باہر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں صحافی عمران ریاض کا 5 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024