خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس: مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی کے ساتھ بد تمیزی کے واقعہ کا مقدمہ درج
مسلم لیگ (ن) کی خاتون رکن اسمبلی ثوبیہ شاہد نے خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے اراکین کی ان کے ساتھ کی جانے والی بدتمیزی کے خلاف مقدمہ درج کروادیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ثوبیہ شاہد نے پشاور کے تھانہ شرقی میں درخواست دائر کردی ہے، درخواست میں دوران اجلاس جملے کسنے اور بوتل پھینکے کا الزام لگایا گیا ہے، پولیس نے ثوبیہ شاہد کی درخواست اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کو بھجوا دی ہے۔
پولیس نے مؤقف اپنایا کہ اسپیکر خیبرپختونخوا کی سفارش پر ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثوبیہ شاہد نے بتایا کہ یہ کیس صرف پاکستان تحریک انصاف کے خلاف نہیں تمام بلکہ تمام رکن اسمبلی کے خلاف ہے، میں نے اسمبلی میں ہونے والے ناخشگوار واقعے کے خلاف تھانے میں روزنامچہ درج کیا ہے، میرے ساتھ جو کچھ ہوا اس میں پی ٹی آئی ورکرز ملوث ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر کو اسمبلی میں ہونے والے واقعے پر ازخود نوٹس لینا چاہیے، میں نے بدتمیزی کرنے والے پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔