پی ایس ایل9 میں کراچی کنگز کو شکست، اسلام آباد یونائیٹڈ کی ایونٹ میں چوتھی فتح
پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
راولپنڈی میں کھیلے جا رہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
اوپنرز شان مسعود اور ٹم سیفرٹ نے اپنی ٹیم کو 34 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر شان کی 10 رنز کی باری اختتام کو پہنچی۔
سیفرٹ نے 26 رنز بنائے ہی تھے کہ فہیم اشرف نے دوسرا شکار کرتے ہوئے نیوزی لینڈ سے آئے بلے باز کو چلتا کردیا۔
تاہم کراچی کنگز کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب مجموعی اسکور میں صرف ایک رن کے اضافے سے ٹیم کے سب سے تجربہ کار بلے باز شعیب ملک چھکا مارنے کی کوشش میں عماد وسیم کی وکٹ بن گئے۔
محمد نواز بھی کچھ خاطر خواہ کھیل پیش نہ کر سکے اور صرف 5 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے اور اس طرح کراچی کنگز کی ٹیم 49 رنز پر چار وکٹیں گنوا بیٹھی۔
اس مرحلے پر جیمز ونس کا ساتھ دینے کیرون پولارڈ آئے اور دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 58 رنز کی ساجھے داری بنائی۔
جیمز ونس نے ٹائمل ملز کو ایک اوور میں چار چوکے لگائے لیکن اس کی اگلی گیند پر ان کی 29 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔
پولارڈ نے روایتی جارحانہ انداز میں کھیل پیش کرتے ہوئے تین چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 28 گیندوں پر 39 رنز بنائے لیکن 125 کے مجموعی اسکور پر ان کی ہمت بھی جواب دے گئی۔
کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے ملز نے تین جبکہ فہیم اشرف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں کولن منرو اور ایلکس ہیلز نے اپنی ٹیم کو 28 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن میر حمزہ نے کپتان شان مسعود کی مدد سے منرو کی 9 رنز کی خاتمہ کردیا۔
ابھی اسکور 39 تک پہنچا ہی تھا کہ میر حمزہ نے اپنی ٹیم کو ایک کامیابی دلاتے ہوئے 18 رنز بنانے والے ہیلز کو بولڈ کردیا۔
اس مرحلے پر آغا سلمان کا ساتھ دینے شاداب خان آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 58 رنز کی ساجھے داری بنا کر اپنی ٹیم کو جیت کی راہ پر گامزن کیا۔
کراچی کنگز کو تیسری کامیابی اس وقت ملی جب آغا سلمان 33 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ اعظم خان بھی صرف 9 رنز بنا سکے۔
اس مقابلے میں اس وقت دلچسپ موڑ آیا جب میر حمزہ نے تیسری وکٹ لیتے ہوئے کپتان شاداب خان کی 34 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا اور اس وقت یونائیٹڈ کو فتح کے لیے مزید 36 رنز درکار تھے۔
لیکن ایک عرصے سے آؤٹ آف فارم حیدر علی نے اعصاب قابو میں رکھتے ہوئے 16 گیندوں پر 26 رنز کی اننگز کھیلی اور فہیم اشرف کے ہمراہ ٹیم کو 8 گیندوں قبل ہی ہدف تک رسائی دلا دی۔
16 رنز کے عوض دو وکٹیں لینے والے فہیم اشرف کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔