• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

غزہ جنگ کے 6 ماہ مکمل، شہید فلسطینیوں کی تعداد 33 ہزار سے متجاوز

شائع April 7, 2024
فائل فوٹو: اے ایف پی
فائل فوٹو: اے ایف پی

غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کو 6 ماہ مکمل ہوگئے مگر صیہونی فوج کی بمباری رک سکی نہ جنگ بندی مذاکرات پر کوئی پیش رفت ہوسکی، 24 گھنٹے میں مزید 46 فلسطینی شہید ہوگئے۔

قطری نشریاتی ادارہ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں قابض اسرائیل فوج کی مغربی کنارے میں بھی کارروائیاں نہ تھم سکی، مختلف علاقوں سے مزید 45 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔

انسانی امداد کے لیے بنائے گئے اقوام متحدہ کے ادارے کے مطابق جنگ کے 175ویں دن تک کم از کم 32 ہزار 623 افراد شہید اور 75 ہزار 92 سے زیادہ زخمی ہو چکے تھے۔

جب کہ حماس کے زیر انتظام غزہ کی پٹی کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 33 ہزار137 فلسطینی شہید اور 75 ہزار 815 زخمی ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ برطانوی نشریاتی ادارہ کی رپورٹ کے مطابق صحافیوں کی عالمی تنظیم، انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) کے مطابق جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک 99 فلسطینی صحافی اور میڈیا سے وابستہ افراد، چار اسرائیلی جبکہ 3 لبنانی صحافی مارے گئے ہیں۔

کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (سی پی جے) کی رپورٹ کے مطابق6 ماہ کے دوران غزہ میں جنگ کی کوریج کرنے والے 16 صحافی زخمی ہوئے، 4 لاپتہ ہیں جبکہ 25 صحافیوں کو اسرائیلی حکام کی جانب سے حراست میں لینے کی بھی اطلاعات ہیں۔

اس جنگ کے نتیجے میں 11 لاکھ فلسطینی شہریوں کوخوراک کے عدم تحفظ کا سامنا ہے جبکہ 2 سال سے کم عمر کے 31 فیصد بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں۔

اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ کی70 فیصد آبادی بے گھر ہوئی، ان حملوں میں غزہ کی رہائشی عمارتوں میں سے 60 فیصد عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔

6 ماہ کے دوران غزہ کے 90 فیصد اسکول بھی تباہ ہو چکے ہیں، 36 اسپتالوں میں سے صرف 10 اسپتال کام کر رہے ہیں، 227 مساجد شہید اور 3 گرجا گھر بھی تباہ ہو چکے ہیں۔

اُدھر فرانس کے 115 اراکین پارلیمنٹ نے اسرائیل کو ہتھیار بیچنے پر پابندی کا مطالبہ کردیا ۔

اراکین کی جانب سے صدر ایمانوئیل میکرون کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ فرانس کو اسرائیل کی جاری بدترین نسل کشی میں شریک نہیں بننا چاہیے، خط میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت اسرائیل کو فراہم کردہ ہتھیاروں کی تفصیلات پارلیمنٹ میں پیش کرے۔

جنگ بندی مذاکرات

دوسری جانب مصر اور قطر کی ثالثی میں غزہ جنگ بندی کی کوششیں جاری ہیں۔

حماس کا وفد آج مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچے گا، حماس کے ترجمان حماس نے واضح کیا کہ بات چیت کا آغاز مستقل جنگ بندی سے ہی ہوگا۔

عرب میڈیا نے امریکی سی آئی اے ڈائریکٹر بل برنز کا بھی قاہرہ پہنچنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

حماس کا تازہ جھڑپوں میں 14 اسرائیلی فوجی ہلاک کرنے کا دعویٰ

اس کےعلاوہ حماس نے تازہ جھڑپوں میں 14 اسرائیلی فوجی ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق خان یونس میں حماس مجاہدین اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

خلیجی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ خان یونس میں حماس کے 2 حملوں میں اسرائیل کا بڑا جانی نقصان ہوا ہے اور زخمیوں کے انخلا کے لیے 3 اسرائیلی ہیلی کاپٹرز نے خان یونس میں لینڈنگ کی ہے۔

اسرائیل میں صیہونی حکومت کے خلاف ریلی

اسرائیل میں تقریباً ایک لاکھ لوگوں نے غزہ میں یرغمالیوں کی رہائی کے مطالبہ کرتےہوئے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی حکومت کے خلاف ریلی نکالی۔

تل ابیب اور دیگر شہروں میں یہ ریلیاں اسرائیلی ڈیفنس فورسز کی جانب سے یرغمال ایلاد کتزیر کی لاش برآمد ہونے کے بعد نکلیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق مظاہرین ’الیکشن فوری کرواؤ‘ کے نعرے لگا رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024