ابرارالحق بولی وڈ میں کام کی پیش کش پر میرے مرنے کی بات نہ کریں، مشی خان
سینیئر اداکارہ مشی خان نے ابرارالحق کی جانب سے تنقید کے بعد نئی ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلوکار ان کے بولی وڈ میں کام کی پیش کش پر خوشی سے مرنے کی بات نہ کریں، جن کی موت جب لکھی ہوگی، وہ تب مرے گا۔
حال ہی میں ابرارالحق نے مشی خان پر تنقید کرتے ہوئے مختصر ویڈیو جاری کی تھی اور کہا تھا کہ اگر مشی خان کو بولی وڈ سے کام کی پیش کش ہوتی تو وہ آفر سن کر ہی فوت ہوجاتیں۔
ابرارالحق کی ویڈیو کے بعد مشی خان نے بھی انہیں جواب دیتے ہوئے مختصر ویڈیو جاری کردی، جس میں انہوں نے گلوکار کو آٓڑے ہاتھوں لیا۔
انہوں نے ابرارالحق کو یاد دلایا کہ کچھ عرصہ قبل ہی انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران منہ پر ہاتھ رکھ کر پاکستان تحریک انصاف (ّپی ٹی آئی) کو چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، وہ اپنی بات کیوں بھول گئے؟
مشی خان نے یہ بھی بتایا کہ تقریبا 30 سال قبل 1996 میں جب ابرارالحق کو کوئی نہیں جانتا تھا تب ان کے ایک میوزیکل کنسرٹ کے لیے کراچی سے اداکارہ کو لاہور میزبانی کے لیے بلایا گیا تھا۔
انہوں نے گلوکار کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ تب وہ بطور استاد ملازمت کرتے تھے جب کہ مشی خان کو اس وقت بھی دنیا جانتی تھی۔
اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اسی میوزیکل کنسرٹ میں تیس سال قبل گلوکار کو اس وقت حوصلہ دیا جب انہیں کوئی نہیں جانتا تھا۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ابرالحق ان کے بولی وڈ میں کام کی پیش کش پر خوشی سے مرنے کی بات نہ کریں، جن کی موت جب لکھی ہوگی، وہ تب مرے گا اور ایسی بات نہیں کہ وہ خوشی سے ہی مر جائیں گی۔
دونوں کے مذکورہ جھگڑے سے قبل ابرارالحق نے انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ انہیں بولی وڈ میں کام کی پیش کش ہوئی تھی تو مشی خان نے گلوکار پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ان کی بات سال کا سب سے بڑا مذاق ہے۔