پاکستان میں عورتوں کے کمانے سے طلاق کی شرح 30 فیصد بڑھ گئی، سعید انور
سابق کرکٹر اور مبلغ سعید انور کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ بتاتے دکھائی دیتے ہیں کہ پاکستان میں جب سے خواتین نے کمانا شروع کیا ہے تب سے طلاقوں کی شرح میں 30 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔
سابق کرکٹر کی سوشل میڈیا پر وائرل مختصر ویڈیو میں وہ دنیا بھر میں خواتین کی خودمختاری سمیت پاکستان میں عورتوں کی خودمختاری اور طلاقوں کے بڑھتے رجحانات پر بات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
یہ تصدیق نہیں ہو سکی کہ سابق کرکٹر کی ویڈیو کب کی ہے اور انہوں نے مذکورہ خطاب کہاں کیا۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں وہ بتاتے ہیں کہ حال ہی میں وہ آسٹریلیا سے ہوکر آئے، جہاں کے ایک میئر بھی اپنے شہر اور ملک کے حالات سے پریشان تھے؟
سابق کرکٹر نے خطاب میں کہا کہ آسٹریلیا میں نوجوان رل رہے ہیں، گھر والوں میں، بیویوں اور شوہروں میں لڑائیاں اور جھگڑے ہو رہے ہیں۔
ویڈیو میں وہ بتاتے ہیں کہ انہوں نے میئر سے سوال کیا کہ ان کے ہاں خودکشی کا رجحان زیادہ کیوں ہے اور نوجوان نسل میں نشہ اتنا مقبول کیوں ہے؟
سعید انور کے مطابق میئر نے انہیں بتایا کہ جب سے انہوں نے اپنی خواتین کو کمائی پر لگایا تب سے ان کے حالات خراب ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہاں مرد اور خواتین سب کما رہے ہیں لیکن حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں، ڈپریشن بڑھتا جا رہا ہے۔
سابق کرکٹر نے دعویٰ کیا کہ انہیں ایک نیوزی لینڈ کے کرکٹر نے بھی مدعو کیا اور ان سے دریافت کیا کہ ان کے حالات کیسے بہتر ہوں گے؟ ان کے ہاں پریشانیاں ہیں، مسائل ہیں۔
اسی معاملے پر بات کرتے ہوئے سعید انور دعویٰ کرتے ہیں کہ جب سے پاکستان میں خواتین کمانے لگی ہیں، تب سے گزشتہ تین سال میں طلاق کی شرح 30 فیصد تک بڑھ چکی ہے۔
سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ خواتین کے خود مختار ہونے سے وہ مرد کو کہتی ہیں کہ دفع ہوجاؤ، مجھے تمہاری ضرورت نہیں، میں خود کما سکتی ہوں۔
سعید انور نے دعویٰ کیا کہ یہ گیم پلان ہے لیکن یہ منصوبہ اس وقت سمجھ نہیں آئے گا جب تک خدا ہدایت نہیں دے گا۔
سابق کرکٹر ویڈیو میں کہتے ہیں کہ پاکستانی معاشرے میں لوگوں کی آنکھیں بند ہیں، ہاتھ میں لاٹھی ہے اور چلتے جا رہے ہیں اور گیم پلان کو سمجھ نہیں رہے۔
سعید انور کی جانب سے عورتوں کی کمائی کو طلاق بڑھنے سے ملانے پر سوشل میڈیا صارفین برہم بھی دکھائی دیے اور انہیں آڑے ہاتھوں بھی لیا۔