• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 5:00pm

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کو ججز کی تعیناتی کیلئے آخری موقع دے دیا

شائع May 20, 2024
— لاہور ہائی کورٹ ویب سائٹ
— لاہور ہائی کورٹ ویب سائٹ

لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کو ججز کی تعیناتی کے لیے آخری موقع دے دیا۔

انسداد دہشت گری عدالت (ون) راولپنڈی سے کیسز دوسری عدالت میں منتقل کرنے کی پنجاب حکومت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ حکومتی کمیٹی نے ججز تعیناتی کے معاملے پر وزیراعلیٰ سے مشاورت کی۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں ججز تعیناتی کے معاملے کو ایجنڈا نمبر ون میں رکھنے کا کہا ہے، جس پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے استفسار کیا کہ کابینہ کا آئندہ اجلاس کب ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ ملک شہزاد احمد خان نے کہا کہ آپ کو کابینہ کی اسپیشل میٹنگ بلا لینی چاہیے تھے، یا سرکولیشن کے ذریعے کر لیتے، انہوں نے ریمارکس دیے کہ آپ کو یہ کام کر کے آج آنا چاہیے تھا۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ جمعہ کے روز ہم کابینہ کا اجلاس بلا کر اس معاملے کو حل کرالیتے ہیں، جس پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ آج حکومتی کمیٹی کے لوگ بھی نہیں آئے یہ آپ عدالتوں کی عزت کرتے ہیں۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے مؤقف اپنایا کہ حکومتی کمیٹی کے لوگ آدھے گھنٹے میں آ جائیں گے عدالت اگر حکم کرے میں بلا لیتا ہوں۔

ایڈووکیٹ جنرل خالد اسحٰق نے بتایا کہ ججز کی تعیناتی کے لیے ہائی کورٹ کی طرف سے دیے گئے ناموں پر حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ ملک شہزاد احمد خان نے ریمارکس دیے کہ ججز کی تعیناتی کے بارے میں کوئی نوٹی فکیشن آج عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔

لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کو ججز کی تعیناتی کے لیے آخری موقع دے دیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور کابینہ آئندہ سماعت تک ججز کی تعیناتی کا نوٹیفیکشن جاری کریں۔

انہوں نے ریمارکس دیے کہ اگر آئندہ سماعت تک ججز کی تعیناتی کے نوٹی فکیشن جاری نہ ہوئے تو وزیر اعلی خود عدالت میں پیش ہوں۔

بعد ازاں، عدالت نے کارروائی 24 مئی تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ 17 مئی کو لاہور ہائی کورٹ نے ماتحت عدلیہ کے ججز کی تعیناتی کے لیے حکومت کو تین ہفتے کی مہلت دے دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024