• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کا مایوس کن آغاز، نوآموز امریکا نے سپر اوور میں شکست دے دی

شائع June 7, 2024
— فوٹو: کرک انفو
— فوٹو: کرک انفو
— فوٹو: آئی سی سی
— فوٹو: آئی سی سی
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: آئی سی سی
— فوٹو: آئی سی سی
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ ’اے‘ کے میچ میں نوآموز امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں 5 رنز سے شکست دے دی۔

ڈیلاس میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کی طرف سے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا، لیکن دونوں کی مقبول جوڑی اس میچ میں بڑی شراکت نہ بنا پائی اور 9 کے مجموعے پر محمد رضوان، سوربھ نیٹروالکر کی گیند پر سلپ پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد عثمان کریز پر آئے لیکن وہ بھی کپتان کا ساتھ نہ نبھا سکے اور 3 کے انفرادی اسکور پر نوستھش کینجیے کی وکٹ بن گئے۔

چوتھے نمبر بیٹنگ کے لیے آنے والے فخر زمان جارحانہ انداز میں نظر آئے لیکن وہ بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 26 کے مجموعی اسکور پر 11 کے انفرادی اسکور کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔

شاداب خان نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دیا اور عمدہ شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور 98 رنز بنایا، لیکن 40 رنز بنانے والے شاداب کی ہمت اس موقع پر جواب دے گئی اور وہ کینجیے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد کریز پر آنے والے اعظم خان اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر ہی ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے اور یوں پاکستان کی آدھی ٹیم 98 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی۔

پاکستان کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جنہوں نے 44 رنز کی عمدہ لیکن سست اننگز کھیلی۔

افتخار احمد کی اننگز 18 کے انفرادی اسکور پر تمام ہوئی جس کے بعد اننگز کے آخری اوورز میں شاہین شاہ آفریدی کے 23 اور حارث رؤف کے 3 رنز کی ناقابل شکست اننگز نے پاکستان کو مناسب اسکور تک پہنچایا۔

یوں پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔

امریکا کی جانب سے نوستھش کینجیے، سوربھ نیٹروالکر نے 2 جبکہ علی خان اور جسدیپ سنگھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

امریکا کی اننگز

امریکا کے اوپنرز نے ہدف کے تعاقب میں 36 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد پاکستان کو اسٹیون ٹیلر کی وکٹ کی صورت میں پہلی کامیابی ملی۔

اس کے بعد آندریز گوس اور کپتان کپتان مونانک پٹیل نے شاندار بلے بازی کی اور ٹیم کا اسکور 104 تک پہنچایا، جس کے بعد گوس 35 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

امریکا کی تیسری وکٹ کے لیے بھی پاکستان کو زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور شاندار 50 رنز بنانے والے مونانک پٹیل، محمد عامر کی وکٹ بن گئے۔

ابتدائی طور پر ناقص باؤلنگ کے بعد اس موقع پر پاکستانی باؤلرز نے نپی تلی باؤلنگ کرائی اور اس کی جیت کے امکانات دکھائی دینے لگے۔

تاہم دوسری جانب امریکی بلے باز بھی صبر و تحمل سے اسکور آگے بڑھاتے رہے اور میچ کو دلچسپ مرحلے میں داخل کرا دیا۔

امریکا کو آخری اوور میں فتح کے لیے 15 رنز چاہیے لیکن وہ حارث رؤف کے اس اوور میں ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 14 بنا سکی اور یوں میچ ٹائی ہوگیا۔

امریکا نے مقرر اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے اور اس کے پہلے میچ کے ہیرو ایرون جونز 36 اور 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

سپر اوور

پاکستان کی جانب سے سپر اوور محمد عامر نے کرایا جو مہنگا ثابت ہوا اور امریکا نے 18 رنز بنا کر پاکستان کو 19 رنز کا ہدف دیا۔

سپر اوور میں ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اور افتخار احمد پاکستان کی جانب سے بیٹنگ کے لیے آئے، لیکن افتخار احمد دوسری گیند پر چوکا لگانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد شاداب خان کریز پر آئے اور وہ بھی فخر زمان کے ساتھ مل کر ٹیم کی نیا پار نہ لگا سکے اور پاکستان سپر اوور میں 13 رنز ہی بنا سکا۔

یوں پہلا ورلڈ کپ کھیلنے والی امریکا کی نوآموز ٹیم نے پاکستان کو سپر اوور میں 5 رنز سے ہرا دیا اور ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر گروپ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہوگئی۔

شاندار بلے بازی پر مونانک پٹیل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں امریکی کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں ہدف معلوم ہوگا تو اس کو عبور کرنا زیادہ آسان ہوگا، پاکستان سے مقابلہ چیلنج ہوگا تاہم ہم پاکستان کے خلاف کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔

پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنا چاہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم 4 فاسٹ باؤلرز کے ساتھ کھیل رہے ہیں، عماد وسیم انجری کا شکار ہیں، ان کی کمی محسوس کریں گے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، عثمان خان، فخر زمان، اعظم خان، افتخار احمد، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر اور حارث رؤف

امریکا: مونانک پٹیل (کپتان)، اسٹیون ٹیلر، آندریز گوس، ایرون جونس، نتیش کمار، کورے اینڈرسن، ہرمیت سنگھ، جسدیپ سنگھ، نوستھش کینجیے، سوربھ نیٹروالکر اور علی خان

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024