• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ٹی20 ورلڈ کپ میں آئرلینڈ کو لگاتار دوسری شکست، کینیڈا 12 رنز سے کامیاب

شائع June 7, 2024
کینیڈا نے میچ میں 12 رنز سے کامیابی حاصل کی— فوٹو: اے ایف پی
کینیڈا نے میچ میں 12 رنز سے کامیابی حاصل کی— فوٹو: اے ایف پی

ٹی20 ورلڈ کپ میں کینیڈا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئرلینڈ کو شکست دے کر ایونٹ میں پہلی فتح اپنے نام کر لی۔

نیویارک میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔

کینیڈا کی اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور 53 کے مجموعے تک پہنچتے پہنچتے وہ 4 وکٹیں گنوا چکی تھی۔

اس مرحلے پر نکولس کیرٹن اور شریاس مووا نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 71 رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو معقول مجموعے تک رسائی دلائی۔

کیرٹن نے 35 گیندوں میں دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 49 جبکہ شریاس نے تین چوکوں کی بدولت 37 رنز کی باری کھیلی۔

کینیڈا کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 137 رنز بنائے۔

آئرلینڈ کی جانب سے کریگ ینگ اور بیری میک کارتھی نے دو، دو وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کے بلے باز کینیڈین باؤلنگ کے سامنے بالکل بے بس نظر آئے اور 59 رنز پر 6 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس مشکل موقع پر جیارج ڈوکریل کا ساتھ دینے مارک ایڈیئر آئے اور دونوں ساتویں وکٹ کے لیے 62 رنز کی ساجھے داری بنا کر اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے۔

ایڈیئر نے 24 گیندوں پر 34 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ڈوکریل نے 30 رنز بنائے۔

میچ کے آخری اوور میں آئرش ٹیم کو فتح کے لیے 17 رنز درکار تھے لیکن وہ صرف چار رنز ہی بنا سکی اور اس طرح کینیڈا نے 12 رنز کی شاندار فتح اپنے نام کر لی۔

کینیڈا کی جانب سے جیرمی گورڈن اور ڈیلون ہیلگر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024