• KHI: Zuhr 12:37pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:08pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:13pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:37pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:08pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:13pm Asr 5:12pm

صدارتی ایوارڈ یافتہ نیوز کاسٹر تسکین ظفر انتقال کر گئیں

شائع June 10, 2024
—فوٹو: اے ہی پی
—فوٹو: اے ہی پی

پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کی نیوز کاسٹر اور ریڈیو پاکستان کی ایوارڈ یافتہ صداکار تسکین ظفر کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد 9 جون کو انتقال کر گئیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق تسکین ظفر 67 برس کی عمر میں راولپنڈی میں انتقال کر گئیں، ان کی تدفین بھی وہیں کی گئی۔

تسکین ظفر کے انتقال پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور سیکریٹری وزارت اطلاعات و نشریات سمیت دیگر حکومتی و سرکاری عہدیداروں نے اظہار تعزیت بھی کیا۔

تسکین ظفر کو مارچ 2023 میں صدر عارف علوی نے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا تھا، اس کے علاوہ بھی وہ اپنی خدمات کے عوض متعدد ایوارڈز جیت چکی تھیں۔

تسکین ظفر کا شمار پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کی سینیئر ترین چند نیوز کاسٹرز میں ہوتا تھا، انہوں نے متعدد تاریخی لمحات کی خبریں ٹی وی اسکرین کے ذریعے شائقین تک پہنچائیں۔

تسکین ظفر نے ہی مئی 1998 میں پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے ایٹمی دھماکوں کے تجربوں کی خبر پی ٹی وی پر پڑھی تھی۔

اس کے علاوہ انہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کی متعدد تاریخی کامیابیوں کی خبریں بھی پڑھیں۔

تسکین ظفر نے حکومت اور ریاست کے اہم کارناموں کی خبریں بھی پی ٹی وی پر پڑھیں جب کہ وہ ریڈیو پاکستان پر بھی اہم ترین خبریں پڑھتی رہیں۔

تسکین ظفر نے 1980 کے بعد ریڈیو پاکستان سے بطور صداکار کیریئر کا آغاز کیا اور پھر وہ شعبہ نشر و اشاعت سے وابستہ ہوگئیں، جہاں وہ کرنٹ افیئرز کے پروگرامات سمیت خبریں پڑھتی رہتی تھیں۔

ریڈیو پاکستان کے بعد تسکین ظفر نے پی ٹی وی پر بھی کام کیا اور دونوں جگہوں پر انہوں نے اچھا مقام حاصل کیا۔

کارٹون

کارٹون : 8 جولائی 2024
کارٹون : 7 جولائی 2024