• KHI: Asr 5:19pm Maghrib 7:26pm
  • LHR: Asr 5:02pm Maghrib 7:11pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:22pm
  • KHI: Asr 5:19pm Maghrib 7:26pm
  • LHR: Asr 5:02pm Maghrib 7:11pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:22pm

نیپال کو شکست دے کر بنگلہ دیش کی ٹی20 ورلڈ کپ کے سپرایٹ مرحلے میں رسائی

شائع June 17, 2024
تنظیم حسن نے شاندار اسپیل کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا— فوٹو بشکریہ آئی سی سی
تنظیم حسن نے شاندار اسپیل کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا— فوٹو بشکریہ آئی سی سی

ٹی20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش نے نیپال کو شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ سری لنکا نے باآسانی نیدرلینڈز کو بآسانی شکست دے دی۔

سینٹ ونسنٹ میں کھیلے گئے میچ میں نیپال نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

بنگلہ دیش کی ٹیم اننگز کی پہلی ہی گیند پر تنزید حسن کی وکٹ گنوا بیٹھی اور اس کے بعد پوری بیٹنگ لائن ناکامی سے دوچار ہو کر 106 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کوئی بلے باز 20 رنز بھی نہ بنا سکا اور شکیبن الحسن 17 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے۔

نیپال کے سندیپ لمیچین ، سومپل کامی، دپیندر سنگھ اور روہت پوڈل نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

ایک بظاہر آسان نظر آنے والے ہدف کا نیپال کے لیے مشکل نظر نہ آتا تھا لیکن تنظیم حسن کے تباہ کن اسپیل نے میچ کا پانسہ بنگلہ دیش کے حق میں پلٹ دیا۔

تنظیم کا ابتدائی اسپیل دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا اور انہوں نے ابتدائی چار اوورز میں سے دو میڈن کرائے اور 7 رنز کے عوض 4 وکٹیں لے کر نیپال کی ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کردیا جبکہ مستفیض نے بھی آصف شیخ کا کام تمام کردیا۔

26 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد نیپال کے کوشال ملا اور دپیندر سنگھ کی وکٹ پر آمد ہوئی اور دونوں نے بالترتیب 27 اور 25 رنز کی باریاں کھیل کر چھٹی وکٹ کے لیے 52 رنز جوڑ کر میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔

لیکن اس مرحلے پر مستفیض نے اپنا تجربہ بروئے کار لاتے ہوئے وکٹ پر سیٹ دونوں بلے بازوں کو چلتا کردیا جبکہ شکیب نے ایک ہی اوور میں دو وکٹیں لے کر نیپال کی بساط 85 رنز پر لپیٹ دی۔

تنظیم نے چار، مستفیض نے 7 رنز کے عوض 3 جبکہ شکیب نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش نے میچ میں 21 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سپر ایٹ مرحلے میں رسائی حاصل کر لی۔

تنظیم حسن کو شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سری لنکا کی آسان فتح

دوسری جانب سینٹ لوشیا میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے نیدرلینڈز کو باآسانی شکست دے دی جس کے ساتھ ہی ورلڈ کپ میں ان کا سفر بھی اختتام پذیر ہوا۔

نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی لیکن یہ فیصلہ غلط ثابت ہوا اور سری لنکا نے 20 اوورز میں اسکور بورڈ پر 201 رنز کا مجموعہ سجا دیا۔

چارتھ اسالانکا نے 21 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 46، کوشل مینڈس نے 29 میں 46 جبکہ دھننجیا ڈی سلوا نے 34 اور اینجلو میتھیوز نے 15 گیندوں میں 30 رنز بنائے۔

سری لنکا نے میچ میں باآسانی کامیابی حاصل کی— فوٹو: اے ایف پی
سری لنکا نے میچ میں باآسانی کامیابی حاصل کی— فوٹو: اے ایف پی

ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم 118 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

مائیکل لیوٹ اور کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے 31، 31 رنز کی باریاں کھیلیں لیکن سری لنکن باؤلرز کے سامنے بقیہ بیٹنگ لائن زمین بوس ہو گئی۔

سری لنکا کے نووان تھسارا نے تین جبکہ کپتان ونندو ہسارنگا اور متھیشا پتھیرانا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا نے میچ میں 83 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔

کارٹون

کارٹون : 2 جولائی 2024
کارٹون : 1 جولائی 2024