ٹی20 ورلڈکپ 2024 کی پہلی ہیٹ ٹرک، پیٹ کمنز دوسرے آسٹریلوی باؤلر بن گئے
آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے سپر ایٹ مرحلے میں بنگلہ دیش کے خلاف ہیٹ ٹرک مکمل کرکے ریکارڈ بک میں اپنا نام درج کروادیا۔
کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق انٹیگوا کے شہر نارتھ ساؤنڈ میں ٹی20 ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے کے دوران آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے بنگلہ دیش کے خلاف ہیٹ ٹرک مکمل کی اور یوں وہ مختصر فارمیٹ کے ورلڈکپ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دوسرے آسٹریلوی باؤلر بن گئے۔
پیٹ کمنز کی ہیٹ ٹرک ٹی20 ورلڈکپ 2024 کی پہلی ہیٹ ٹرک ہے، جب کہ مجموعی طور پر ٹی20 ورلڈکپ کی تاریخ میں یہ کارنامہ ساتویں بار انجام دیا گیا۔
اس فہرست میں آسٹریلیا اور آئرلینڈ کے 2،2 باؤلر شامل ہیں، جب کہ سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور جنوبی افریقہ کا ایک ایک کھلاڑی موجود ہے۔
پیٹ کمنز سے پہلے آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلر بریٹ لی نے 2007 میں ہونے والے ٹی20 کے افتتاحی ورلڈکپ میں یہ کارنامہ بنگلہ دیش کے خلاف ہی انجام دیا تھا۔
اس کے علاوہ، 2021 کے ٹی20 ورلڈکپ میں آئرلینڈ کے کرٹس کیمفر نے نیدرلینڈ کے خلاف، سری لنکا کے ونندو ہسارنگا نے جنوبی افریقہ کے خلاف اور پروٹیز فاسٹ باؤلر کگیسو رباڈا نے انگلینڈ کے خلاف ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
آسٹریلیا میں ہونے والے 2022 کے ٹی20 ورلڈکپ میں آئرلینڈ کے جوش لٹل نے نیوزی لینڈ کے خلاف اور متحدہ عرب امارات کے کارتک میاپن نے سری لنکا کے خلاف ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل کیا۔
میچ کے بات اپنی ہیٹ ٹرک سے متعلق پوچھے گئے سوال پر پیٹ کمنز نے کہا کہ وہ بالکل بھول گئےتھے کہ یہ ان کی ہیٹ ٹرک بال ہے، کیوں کہ پچھلے اوور کی آخری دو گیندوں پر دو وکٹیں حاصل کرنے کے بعد جب وہ اگلا اوور کروانے آئے تو یہ بات ان کے ذہن سے نکل چکی تھی لیکن جب اسکرین پر ہیٹ ٹرک بال لکھی تھی تو پھر انہیں خیال آیا۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف پہلے باؤلنگ کرتے ہوئے پیٹ کمنز نے 18ویں اوور میں دو وکٹیں حاصل کیں اور پھر 20ویں اوور کی پہلی گیند پر وکٹ حاصل کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
آسٹریلیا نے پیٹ کمنز کی 3 اور ایڈم زمپا کی 2 وکٹوں کی بدولت بنگلہ دیش کو 140 رنز تک محدود کیا اور پھر بارش سے متاثرہ میچ میں ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 28 رنز سے کامیابی حاصل کی۔