• KHI: Maghrib 7:26pm Isha 8:54pm
  • LHR: Maghrib 7:12pm Isha 8:50pm
  • ISB: Maghrib 7:22pm Isha 9:06pm
  • KHI: Maghrib 7:26pm Isha 8:54pm
  • LHR: Maghrib 7:12pm Isha 8:50pm
  • ISB: Maghrib 7:22pm Isha 9:06pm

ٹی20 ورلڈ کپ: بھارت، انگلینڈ سیمی فائنل کے لیے ریزرو ڈے کیوں نہیں رکھا گیا؟

شائع June 27, 2024
فائل فوٹو: اے ایف پی
فائل فوٹو: اے ایف پی

ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مقابلوں میں اب محض چند گھنٹے کا وقت رہ گیا ہے لیکن انگلینڈ اور بھارت کے درمیان شیڈول دوسرے سیمی فائنل کے لیے ریزرو ڈے نہ رکھنے پر آئی سی سی کی منصوبہ بندی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

ٹی20 ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل کل صبح افغانستان اور جنوبی افریقہ اور دوسرا شام ساڑھے 7 بجے بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پاکستانی وقت کے مطابق یہ میچز ایک ہی دن میں کھیلے جائیں گے لیکن ویسٹ انڈیز میں یہ دونوں میچز الگ الگ دن شیڈول ہیں۔

پہلا سیمی فائنل ٹرینیڈاڈ میں افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان مقامی وقت کے مطابق شام میں ہو گا اور یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہو گا جبکہ اس کے برعکس دوسرا 27 جون کی صبح گیانا میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی کی جانب سے ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل کے لیے ریزرو ڈے رکھا گیا ہے لیکن دوسرے سیمی فائنل کے لیے کوئی ریزرو ڈے نہیں رکھا گیا جس پر شائقین حیران ہیں اور سب کے ہی ذہن میں یہ سوال ہے کہ آخر اتنے اہم میچ کے لیے ریزرو ڈے نہ رکھنے کی وجہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت اور دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کے درمیان دوسرے سیمی فائنل میں بارش کا 75 فیصد امکان ہے اور اگر میچ بارش کی نذر ہوجاتا ہے تو بھارت کی ٹیم سپر ایٹ مرحلے میں بہتر کارکردگی دکھانے کی وجہ سے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لے گی۔

ریزرو ڈے نہ رکھنے کی وجہ یہ ہے کہ ایونٹ کا فائنل 29 جون کو ہے اور سیمی فائنل اور فائنل میچ کے دوران صرف دن کا وقفہ ہے جس کی وجہ سے آئی سی سی نے کوئی ریزرو ڈے نہیں رکھا کیونکہ ورنہ ٹیموں کو لگاتار تین دن اہم ترین میچز کھیلنا پڑتے۔

افغانستان اور جنوبی افریقہ کے میچ میں دو دن کا وقفہ ہے اس لیے ایک دن ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔

دوسری جانب آئی سی سی بھارت اور انگلینڈ کے درمیان سیمی فائنل میچ میں بارش کی صورت میں میچ کو نتہجہ خیز بنانے کے لیے اضافی 250 منٹ مختص کیے گئے۔

اگر میچ میں بارش ہوتی ہے تو میچ کو اسی دن مکمل کرنے کے لیے 4 گھنٹے 10 منٹ تک کا اضافی وقت دستیاب ہو گا۔

اس کے برعکس افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ کے دن 60 منٹ کا اضافی وقت دیا جائے گا جبکہ اگلے دن 3 گھنٹے 10 منٹ کا مزید اضافی وقت بھی میسر ہو گا۔

کارٹون

کارٹون : 30 جون 2024
کارٹون : 28 جون 2024