• KHI: Zuhr 12:37pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:08pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:13pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:37pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:08pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:13pm Asr 5:12pm

2023ورلڈکپ کی شکست پر کوچنگ چھوڑنےکا فیصلہ کیا، روہت کی کال نے سب بدل دیا، ڈریوڈ کا انکشاف

شائع July 3, 2024
فوٹو: آئی سی سی
فوٹو: آئی سی سی

بھارت کو ٹی20 چیمپئن بنانے والے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 2023 کے ون ڈے ورلڈکپ فائنل میں شکست کے بعد کوچنگ جاری نہ رکھنے کا فیصلہ کرلیا تھا لیکن روہت شرما کی ایک کال نے سب کچھ بدل دیا ۔

کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق بھارتی ٹیم کے ساتھ بطور ہیڈ کوچ ٹی20 ورلڈکپ 2024 اپنے آخری اسائمنٹ پر موجود راہول ڈریوڈ نے ایک ویڈیو میں یہ انکشاف کیا ہے کہ بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے انہیں کوچنگ جاری رکھنے کا کہا تھا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے ’ایکس‘ پر بھارتی ڈریسنگ روم کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ ورلڈچیمپئن بننے پر کھلاڑیوں کی تعریف کررہے ہیں اور اس دوران انہوں نے روہت شرما کا شکریہ بھی ادا کیا۔

دراصل، بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے بعد راہول ڈریوڈ کا بطور کوچ 2 سال کا معاہدہ مکمل ہوچکا تھا، بھارتی بورڈ اس میں توسیع چاہتا تھا لیکن آسٹریلیا کے ہاتھوں فائنل میں شکست کے بعد راہول ڈریوڈ نے کوچنگ جاری نہ رکھنے کا فیصلہ کرلیا تھا ۔

ویڈیو میں راہول ڈریوڈ نے بتایا کہ انہیں نومبر میں روہت شرما کی جانب سے ایک کال موصول ہوئی جس کے بعد سب کچھ بدل گیا۔

انہوں نے روہت شرما کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’رو، نومبر میں مجھے فون پر یہ عہدہ جاری رکھنے کا کہنے کے لیے بہت شکریہ، بہت سے مواقع پر ہم نے اہم گفتگو کی اور کہیں پر اختلاف تو کسی موقع پر اتفاق کرنا پڑا، میں بہت خوش قسمت ہوں کہ مجھے ان کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا‘۔

یاد رہے کہ راہول ڈریوڈ کی کوچنگ میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے نہ صرف ٹی20 ورلڈکپ 2024 جیتا بلکہ ون ڈے ورلڈکپ 2023 اور جون 2023 میں ٹیسٹ چیمپن شپ کے فائنل میں بھی رسائی حاصل کی لیکن دونوں مواقع پر بھارت کو شکست ہوئی۔

راہول ڈریوڈ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا ’عام طورپر میرے پاس الفاظ کی کمی نہیں ہوتی لیکن آج میرے پاس کہنے کو کچھ زیادہ نہیں ہے، لیکن میں تمام کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جنہوں نے مجھے اور میرے کوچنگ اسٹاف کو بے پناہ عزت دی‘۔

ٹی20 ورلڈکپ کے فائنل میں جنوبی افریقہ کو شکست دینے کے بعد ایک انٹریو کے دوران جب راہول ڈریوڈ سے پوچھا گیا کہ کوچنگ کی ذمہ داری ختم ہونے کے بعد وہ مستقبل میں کیا کریں گے؟

راہول ڈریوڈ نے ہنستے ہوئے جواب دیا ’اگلے ہفتے تو میں بے روزگار ہوجاؤں گا، سب سے پہلے مجھے نوکری ڈھونڈنی ہے، اگر آپ کے پاس کوئی نوکری ہے تو بتائیں‘۔

واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ 2022 کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دیے اور سینئر کھلاڑیوں کو ون ڈے اور ٹیسٹ فارمیٹ تک محدود کردیا تھا تاہم راہول ڈریوڈ نے روہت شرما اور ویرات کوہلی سمیت دیگر سینئر کھلاڑیوں کی ٹیم میں واپسی میں اہم کردار ادا کیا، جس کی بدولت وہ ٹی20 ورلڈ چیمپئن بننے میں کامیاب ہوئے۔

29 جون کو امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے شکست دے کر 17 سال بعد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا عالمی چیمپیئن بنا تھا۔

بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں ورلڈ کپ میں مسلسل ناکام رہنے والے ویرات کوہلی کے 74 رنز کی مدد سے 7 وکٹوں پر 176 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی، جواب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 8 وکٹوں پر 169 رنز بنا سکی۔

کارٹون

کارٹون : 7 جولائی 2024
کارٹون : 5 جولائی 2024