• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

اسرائیل کی نصیرت کیمپ میں اقوام متحدہ کے اسکول پر بمباری، 16فلسطینی شہید، 75زخمی

شائع July 7, 2024
فوٹو: رائٹرز
فوٹو: رائٹرز

غزہ میں صہیونی جنگی جرائم کا سلسلہ 9ویں ماہ میں داخل ہوگیا ہے، گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے نصیرت کیمپ میں اقوام متحدہ کے اسکول پر بم برسائے، جس کے نتیجے میں 16 افراد شہید اور 75 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق نصیرت کیمپ میں اسرائیلی طیاروں نے اقوام متحدہ کی فلسطینی امدادی ایجنسی اونرا کے تحت چلنے والے اسکول پر بمباری کردی جس کے نتیجے میں 16 فلسطینی شہید اور 75 سے زائد زخمی ہوگئے جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی شامل ہے۔

اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کے لیے آمادگی کے اظہار کے بعد مثبت پیش رفت کا امکان پیدا ہوگیا اور اس سلسلے میں دیگر ملکوں کی جانب سے سفارتی کوششیں بھی تیز کردی گئی ہیں، جب کہ اسرائیلی حکام نے عندیہ دیا ہے کہ وہ اپنے وفد کو مذاکرات جاری رکھنے کے لیے جلد دوحہ بھیجیں گے۔

تاہم، اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے ترجمان نے بتایا کہ ثالثوں کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کے لیے اسرائیلی وفد کو دوحہ بھیجنے پر اتفاق کیا گیا تھا، لیکن جنگ بندی اور قیدی کی رہائی کے معاملے میں حماس کے ساتھ اختلافات تاحال برقرار ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق حماس کے ایک رہنما نے بتایا ہے کہ وہ اپنے اس مطالبے سے پیچھے ہٹنے کے لیے تیار ہیں کہ امریکا کی جانب سے تجویز کردہ جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کرنے سے پہلے اسرائیل مستقل جنگ بندی کا عہد کرے، حماس مذاکرات میں 6 ہفتوں کی جنگ بندی پر زور دے گا۔

دوسری جانب، اسرائیل میں سیاسی وسماجی کارکنوں نے حماس کے 7 اکتوبر کے حملے کو 9 ماہ مکمل ہونے پر ملک بھر میں احتجاج کیا۔

اسرائیلی دارالحکومت میں رات گئے یرغمالیوں کی رہائی کیلئے حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے تل ابیب کے بعض مقامات پر آگ لگا کر کئی سڑکیں بند کردیں، پولیس نے واٹر کینن کے ذریعے احتجاجیوں کو منتشر کرنے کی کوشش کی اور کئی افراد کو حراست میں لے لیا۔

ادھر، برطانیہ میں نئی حکومت کی تشکیل کے بعد فلسطین کے ہزاروں حامیوں نے مارچ کرتے ہوئے نئی حکومت کو خبردار کیا کہ وہ تل ابیب کے وحشیانہ جرائم کی حمایت سے دور رہے، مظاہرین نے فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے غزہ میں جنگ روکنے اور مقبوضہ علاقوں کو آزاد کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے میں 1195 اسرائیلی شہید ہوگئے تھے جس کے جواب میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 38 ہزار 98 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جس میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024