پاکستانی ٹیم بہت باصلاحیت ہے، پرفارمنس میں تسلسل لانا ہوگا، جیسن گلیپسی

شائع July 7, 2024
فوٹو: پی سی بی / ایکس
فوٹو: پی سی بی / ایکس

قومی ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیپسی نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم بہت باصلاحیت ہے لیکن انہیں اپنی پرفارمنس میں تسلسل لانا ہوگا چونکہ میں وائٹ بال ٹیم کی سلیکشن میں شامل نہیں ہوں اس لیے میری توجہ صرف ریڈ بال کرکٹ پر ہوگی۔

پاکستان ریڈ بال ٹیم کے ہیڈکوچ جیسن گلیسپی کی کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے یہاں آنا بہترین تجربہ ہے، پاکستان کی کوچنگ کے لیے بے تاب ہوں، جب کہ شاہینز کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بھی اچھا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کافی باصلاحیت ہے لیکن انہیں پرفارمنس میں تسلسل لانا ہوگا، اگر آپ انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہے ہیں تو آپ کو فٹ اور تیار ہونا چاہیے، فٹ ہونا کھلاڑیوں کی ذمہ داری ہے۔

قومی ٹیم کے ریڈ بال کوچ کا کہنا تھا کہ گزشتہ سیزن میں پاکستان کو ہوم سیریز میں شکست ہوئی، کچھ سیشنز میں پاکستان نے آسٹریلیا میں اچھا کھیلا، آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کئی بار جیت کے قریب آیا۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی سلیکشن کے وقت مخالف ٹیم اور کنڈیشنز کو مدنظر رکھیں گے، جو لڑکا ڈومیسٹ کرکٹ میں اچھا کھیلے گا اس کو ٹیم میں شامل کریں گے۔

جیسن گلیسپی کا مزید کہنا تھا کہ میں وائٹ بال ٹیم کی سلیکشن میں شامل نہیں ہوں، میری توجہ صرف ریڈ بال کرکٹ پر ہوگی، جب کہ میں مثبت کرکٹ کو ترجیح دیتا ہوں، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی ہونے جارہی ہے جوکہ خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ہمارا اصل مقصد ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ بنگلہ دیش کے خلاف اچھی تیاری کریں اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں، پاکستان ٹیم کو فیلڈنگ میں بہتری کی ضرورت ہے، جس پر کام کروں گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ریڈ بال کے ہیڈ کوچ جیسن گلیپسی اپنی ذمہ داریاں نبھانے آج ہی کراچی پہنچیں ہیں، وہ نیشنل اسٹیڈیم میں جاری پری سیزن فٹنس اور فیلڈنگ ٹریننگ کیمپ کے کھلاڑیوں سے ملاقات بھی کریں گے۔

اس سے قبل آسٹریلیا کے سابق فاسٹ باؤلر جیسن گلیپسی کا کراچی پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا، انہیں سندھ کے روایتی تحائف ٹوپی اور اجرک پیش کی گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2 ماہ قبل آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر جیسن گلیپسی کو ریڈ بال ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا، ان کا پہلا اسائنمنٹ بنگلہ دیش کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز ہوگی جو آئندہ ماہ کھیلی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024