پینتیس سال کی عمر کے بعد بھی دوسری شادی کی جا سکتی ہے، صنم سعید
اداکارہ صنم سعید کا کہنا ہے کہ یہ سوچ غلط ہے کہ 35 سال کے بعد دنیا اور زندگی ختم ہوگئی، لوگ 35 سال کے بعد بھی دوسری شادی کر سکتے ہیں۔
صنم سعید نے حال ہی میں فوچیا میگزین کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنی دوسری شادی پر بھی بات کی۔
ان کی جانب سے دوسری شادی پر بات کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 35 سال کی عمر کے بعد دوسری شادی کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ 35 سال کی عمر تک انسان اپنی زیادہ تر زندگی گزار چکا ہوتا ہے، اس کے پاس تجربہ ہوتا ہے، وہ بہتر انداز میں نہ صرف اپنے بلکہ دوسروں کے معاملات بھی سمجھنے کی اہلیت رکھتا ہے۔
ان کے مطابق 35 سال کی عمر کے بعد انسان میچور بنتا ہے اور یہی عمر زندگی کے بڑے فیصلے کرنے کے لیے اہم ہوتی ہے۔
صنم سعید کا کہنا تھا کہ یہ خیال غلط ہے کہ 35 سال کے بعد دنیا ختم ہوگئی، اب دوسری شادی یا نئی زندگی شروع کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
انہوں نے مثال دی کہ سینیئر اداکارہ ثمینہ احمد اور منظر صہبائی نے تو ضعیف العمری میں شادی کی، باقی لوگ 35 سال کی عمر میں دوسری شادی کیوں نہیں کر سکتے؟
اداکارہ نے بات کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اگرچہ شادی 35 سال کی عمر سے قبل کی جانی چاہیے لیکن کسی کی پہلی شادی ناکام ہوچکی ہو تو وہ دوسری شادی 35 سال کے بعد بھی کر سکتا ہے۔
صنم سعید کا کہنا تھا کہ چوں کہ ان کی اور ان کے شوہر محب مرزا کی پہلی شادیاں ناکام ہوچکی تھیں، اس لیے انہوں نے دوسری شادیاں 35 سال کی عمر کے بعد کی اور باقی لوگ بھی اسی عمر کے بعد دوسری شادی کر سکتے ہیں۔
اداکارہ کے مطابق بعض افراد کی پہلی شادیاں جوانی میں ہی طلاق پر ختم ہوجاتی ہیں، اس کے بعد وہ دوسری شادی کا نہیں سوچتے اور خیال کرتے ہیں کہ اب شادی کا کوئی فائدہ نہیں لیکن ایسا سوچنا غلط ہے۔
خیال رہے کہ محب مرزا اور صنم سعید نے مارچ 2023 میں فہد مصطفیٰ کے شو میں شادی کا اعتراف کیا تھا، اس سے قبل دو سال تک ان کی شادی کی افواہیں چلتی رہی تھیں اور دونوں مختلف مواقع پر مبہم انداز میں شادی کرنے کا اعتراف کر چکے تھے۔
محب مرزا اور آمنہ شیخ کے درمیان اکتوبر 2019 میں طلاق ہوگئی تھی، دونوں 2005 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے۔
اسی طرح صنم سعید کی بھی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی تھی، انہیں پہلی شادی سے بھی کوئی اولاد نہیں۔