• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:01pm

اسرائیل کی غزہ میں بمباری، 24گھنٹے میں 90 فلسطینی شہید

شائع July 18, 2024
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

اسرائیل کے غزہ میں مظالم جاری ہیں، صہیونی فوج کی بمباری سے 24 گھنٹے کے دوران مزید 90 فلسطینی شہید ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے 10 روز میں اقوام متحدہ کے 8 پناہ گزین اسکولوں کو نشانہ بنایا۔

اقوام متحدہ کے مطابق غزہ سےکروڑوں ٹن ملبہ صاف کرنے میں 15 سال لگیں گے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 38 ہزار 794 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 89 ہزار 364 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

ترکیہ کی نیوز ویب سائٹ ٹی آر ٹی ورلڈ کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف ’پرتشدد‘ کارروائیوں کا ارتکاب کرنے والے اسرائیلیوں کے خلاف نئی ویزا پابندیوں کا اعلان کر دیا اور اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان افراد کا احتساب کرے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے صحافیوں کو بتایا کہ افسوس ہے کہ تشدد میں اضافے کا وسیع رجحان ہم نے گزشتہ مہینوں میں دیکھا ہے اور اس کے لیے ان افراد کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے اسرائیل کو مزید کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

امریکی اقدامات کے بعد اسرائیلی امریکا میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔

برازیل کا ’غیرقانونی حملوں‘ میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں کے بہاؤ کو روکنے کا مطالبہ

دوسری جانب، الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں برازیل کے سفیر سرجیو فرانکا ڈینیسہاس نے سلامتی کونسل سے خطاب میں غزہ میں ’غیر قانونی کارروائیوں‘ میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں کے بہاؤ کو روکنے کا مطالبہ کیا۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق 7 اکتوبر سے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں طبی مراکز پر ایک ہزار سے زائد حملے کیے گئے ہیں۔

الجزیرہ کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک مختصر پوسٹ میں ڈبلیو ایچ او نے غزہ اور اسرائیلی فورسز کے زیر قبضہ دیگر فلسطینی علاقوں میں طبی عملے اور صحت کی سہولیات کے تحفظ کی اپیل کی۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024