پیرس اولمپکس: پاکستانی شوٹرز کشمالہ طلعت، گلفام جوزف مکس 10 میٹر ایئر پسٹل میں بھی ناکام
پیرس اولمپکس کے دوران شوٹنگ مقابلوں میں پاکستانی شوٹرز ایک اور ایونٹ میں ناکام ہوگئے، کشمالہ طلعت اور گلفام جوزف مکس 10 میٹر ایئر پسٹل کے پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق فرانس کے دارالحکومت میں جاری کشمالہ طلعت اور گلفام جوزف کا مقابلے میں مجموعی اسکور 571 رہا، قومی شوٹرز کی جوڑی 17 ٹیموں میں سے 14 ویں پوزیشن پر رہی۔
قومی شوٹرز نے پہلی کوشش میں 189 کا اسکور بنایا، کشمالہ طلعت نے 97 اور گلفام جوزف نے 92 اسکور بنایا، دوسری باری میں 195 اسکور بنایا، کشمالہ طلعت نے 97 اور گلفام جوزف نے 98 اسکور کیا۔
پاکستانی شوٹرز نے تیسری اور آخری کوشش میں 187 اسکور بنایا، کشمالہ طلعت نے 93 اور گلفام جوزف نے 94 اسکور بنائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پیرس اولمپکس کے دوران شوٹنگ مقابلوں میں پاکستانی شوٹرز نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، قومی شوٹرز 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلوں کے فائنل راؤنڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔
پیرس اولمپکس شوٹنگ مقابلوں میں پاکستان کے گلفام جوزف اور کشمالہ طلعت 10 میٹر ائیر پسٹل مقابلوں کے فائنل راؤنڈ میں جگہ نہ بناسکے تھے، مردوں میں گلفام جوزف 33میں سے 22ویں نمبر پر رہے تھے، ان کا مجموعی اسکور 571 رہا۔
خواتین میں کشمالہ طلعت 44میں سے 31ویں نمبر پر رہیں، ان کا اسکور 568 رہا۔
اسی طرح قومی ریکارڈ کے حامل سوئمر احمد درانی کے ساتھ ساتھ جہاں آرا نبی بھی مایوس کن پرفارمنس کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئی تھیں۔
پیرس اولمپکس میں پاکستانی تیراک احمد درانی کا دو سو میٹر فری اسٹائل سوئمنگ میں وقت ایک منٹ اٹھاون سیکنڈز رہا جو ان کے قومی ریکارڈ ایک منٹ 55 سیکنڈ سے بھی کم رہا۔
قومی سوئمر 25 کھلاڑیوں میں آخری نمبر پر رہے تھے جبکہ رومانیہ کے ورلڈ جونیئر ریکارڈ ہولڈر ڈیوڈ پوپو وجی ایک منٹ 45 سیکنڈ کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے تھے۔
پاکستان کی خاتون تیراک جہاں آرا نبی بھی دو سو میٹر فری اسٹائل سوئمنگ میں دو منٹ دس سیکنڈ میں بمشکل فاصلہ طے کر سکیں اور 30 ایتھلیٹس کی فہرست میں 26ویں نمبر پر رہی تھیں۔
پاکستان کے دونوں تیراکوں کی طرح جنوبی ایشیا سے اولمپکس سے حصہ لینے والے تمام تیراکوں نے وائلڈ کارڈ اینٹری کے ذریعے ایونٹ میں شرکت کی۔