’ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں‘، اسمٰعیل ہنیہ کی شہادت پر پاکستان کا اظہار تعزیت
حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کی شہادت پر پاکستان نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان آج تہران میں حماس کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کے قتل کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہم ان کے اہل خانہ اور فلسطینی عوام کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، پاکستان دہشت گردی کی اس کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مذمت کرتا ہے جس میں ماورائے عدالت قتل بھی شامل ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق ہمیں ایران کے صدر کے افتتاح کے موقع پر اس لاپرواہ کارروائی سے شدید صدمہ پہنچا ہے جس میں پاکستان کے نائب وزیر اعظم سمیت متعدد غیر ملکی شخصیات نے شرکت کی تھی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان خطے میں بڑھتی ہوئی اسرائیلی مہم جوئی پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے، اسرائیل کی تازہ ترین کارروائیاں پہلے سے ہی عدم استحکام کے شکار خطے میں تناؤ میں مزید اضافہ کررہی ہیں اور امن کی کوششوں کو نقصان پہنچارہی ہیں۔