قطر: حماس کے شہید سربراہ اسمٰعیل ہنیہ، محافظ کی نماز جنازہ ادا
قطر میں حماس کے شہید سربراہ اسمٰعیل ہنیہ اور ان کے محافظ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ قطر کے دارالحکومت دوحہ کی مسجد امام محمد بن عبدالوہاب میں ادا کی گئی۔
نمازِ جنازہ میں قطری حکام، حماس قیادت سمیت دنیا بھر سے وفود نے شرکت کی، الفتح سمیت فلسطینی مزاحمتی تنظیم کے نمائندوں نے بھی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن بھی نمازِ جنازہ میں شریک ہوئے۔
گزشتہ روز فلسطین کی مزاحمتی تنظیم کے سربراہ کا جسد خاکی دوحہ میں ان کے گھر پہنچایا گیا تھا جب کہ اس موقع پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے تھے۔
اس سے قبل سابق اسمٰعیل ہنیہ کی نماز جنازہ تہران میں ادا کی گئی تھی جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی تھی۔
حماس کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کی نماز جنازہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے پڑھائی تھی، نماز جنازہ تہران یونیورسٹی میں ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ آج پاکستان کی پارلیمنٹ ہاؤس میں اسمٰعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر ارکان قومی اسمبلی نے شرکت کی۔
غائبانہ نماز جنازہ میں اسمعیل ہنیہ کی مٖغفرت کی دعا کی گئی جب کہ ان کی شہادت پر ملک بھر میں آج سوگ منایا جارہا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اسمٰعیل ہنیہ کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل حماس کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کو ایران میں قاتلانہ حملے میں شہید کردیا گیا، اسمٰعیل ہنیہ پر تہران میں ان کی رہائش گاہ پر حملہ کیا گیا، وہ ایران کے نئے صدر مسعود پزشکیان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے ایران میں موجود تھے۔
برطانوی نشریاتی ادارے میں شائع رپورٹ کے مطابق سعودی میڈیا الحدث نے کہا ہے کہ حماس کے رہنما اسمٰعیل ہنیہ کی تہران میں رہائش گاہ کو مقامی وقت کے مطابق رات 2:00 بجے کے قریب ایک گائیڈڈ میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسمٰعیل ہنیہ کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسمٰعیل ہنیہ کو یہودی ایجنٹوں نے نشانہ بنایا، یہ حملہ بزدلانہ کارروائی ہے، جس کا بدلہ لیں گے۔