سبزیوں اور پھلوں کا یومیہ استعمال بلڈ پریشر، امراض قلب و گردہ سے بچانے میں مددگار
ایک منفرد اور طویل تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ پھلوں اور سبزیوں کا یومیہ اور مناسب استعمال نہ صرف ہائی بلڈ پریشر بلکہ امراض قلب اور گردوں کی بیماریوں سے بچانے میں مددگار ہوتا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ماہرین نے 153 رضاکاروں پر پانچ سال تک تحقیق کی اور انہیں تین مختلف گروپس میں تقسیم کیا۔
ماہرین نے ایک گروپ کو صرف ادویات استعمال کرنے، دوسرے گروپ کو کچھ ادویات اور کچھ غذائی تبدیلیاں کرنے جب کہ تیسرے گروپ کو صرف پھل اور سبزیاں استعمال کرنے کی ہدایات کیں۔
ماہرین نے تحقیق سے قبل تمام افراد میں ہائی بلڈ پریشر، امراض قلب اور گردوں کی پیچیدگیوں کو جانچا اور پھر پانچ سال بعد ان کے دوبارہ ٹیسٹ کیے گئے۔
ماہرین نے پایا کہ صرف ادویات کھانے والے اور کچھ غذائی تبدیلیاں کرنے والے گروپ کے افراد اگرچہ گردوں کے مسائل اور بیماریوں سے محفوظ رہے، تاہم ان میں امراض قلب کا خطرہ برقرار رہا۔
ماہرین کے مطابق نتائج سے معلوم ہوا کہ پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ استعمال کرنے والے افراد میں نہ صرف ہائی بلڈ پریشر بلکہ امراض قلب اور گردوں کی پیچیدگیوں سے بچنے کے امکانات بھی نمایاں کم ہوگئے اور ان کی صحت بہتر ہوگئی۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ پھل اور سبزیاں خصوصی طور پر ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ کم کرکے نظام ہاضمہ اور مدافعتی نظام کو بہتر بناتی ہیں، جس سے امراض قلب اور گردوں کی بیماریاں ہونے کے امکانات بھی نمایاں طور پر کم ہوجاتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ہائی بلڈ پریشر کے شکار افراد کو خصوصی طور پر سبزیوں اور پھلوں کا یومیہ استعمال کرنا چاہیے، انہیں دالوں، ہری سبزیوں سمیت چنوں اور لوبیہ کا مناسب استعمال کرنا چاہیے جب کہ انہیں کیلے سمیت دیگر پھلوں کو خوراک کا حصہ بنانا چاہیے۔
ماہرین نے بتایا کہ پھل اور سبزیاں نہ صرف طبی پیچیدگیوں کے شکار افراد کا فائدہ دیتی ہیں بلکہ یہ صحت مند انسان کی صحت کو بھی مزید بہتر بناتی ہیں۔