• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

اسلام آباد: غیرت کے نام پر دوہرے قتل کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج

شائع August 8, 2024
— فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
— فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

اسلام آباد کے علاقے ترنول میں غیرت کے نام پر دوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق مقدمہ مقتولین کے ورثا کی جانب سے مدعی نہ بننے پر سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، مقدمہ قتل اعانت سمیت مجموعی طور پر 3 دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

مقدمے میں باپ بیٹے سمیت 4 افراد کو ملزمان نامزد کیا گیا ہے، مقدمے کے مطابق مقتولین کو ناجائز تعلقات کی بنا پر قتل کیا گیا، مقتولین کو تیز دھار آلے کے وار سے بے دردی سے قتل کیا گیا، مرکزی ملزم کے بھائی نے بیرون ملک سے پولیس سے رابطے کر کے جرم کا اقرار بھی کرلیا۔

اس کے علاوہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرکے فرانزک کے لیے بھجوا دیے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں قتل کا لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں خیبرپختونخوا کے علاقے ہنگو سے تعلق رکھنے والے لڑکے اور لڑکی کو بے دردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ واقعہ تھانہ ترنول کی حدود میں گاؤں پنڈ پڑیاں میں پیش آیا، مقتول لڑکی کی شناخت مردانہ بی بی جبکہ لڑکے کی شناخت شعیب کے نام سے ہوئی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ مقتولین نے پسند کی شادی کی تھی اور انہوں نے جان بچانے کے لیے ایک گھر میں پناہ لی تھی تاہم ملزمان مقتولین کا تعاقب کرتے ہوئے گھر میں داخل ہوئے اور لڑکا، لڑکی کو ذبح کرنے کے بعد موقعے سے فرار ہوگئے۔

پولیس ذرائع نے کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، لڑکے کی عمر 22 سال جبکہ لڑکی کی 24 سال ہے، ملزم خاتون کا رشتہ دار تھا، خاتون نے لڑکے کے حوالے سے اپنے دیور سے ہراساں کرنے کی شکایت بھی کی تھی، ملزمان خاتون کی شکایت پر اسلام آباد آئے تھے، ملزمان نے پہلے لڑکے کو مارا پھر خاتون کو قتل کیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے ٹیکسلا سے کرائے پر گاڑی بک کرائی، پولیس نے گاڑی اور ڈرائیور کو بھی تحویل میں لے لیا ہے۔

بعد ازاں ملزمان نے پولیس سے رابطہ کر کے بتایا کہ ہم نے دونوں کو قتل کیا ہے، ڈرائیور کا کوئی قصور نہیں، ہماری روایات کے مطابق قتل بنتا تھا تو ہم نے کیا۔

ایس ایس پی آپریشنز ارسلان شاہ زیب نے بتایا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرلیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024