• KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:28am Sunrise 5:50am
  • ISB: Fajr 4:31am Sunrise 5:55am
  • KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:28am Sunrise 5:50am
  • ISB: Fajr 4:31am Sunrise 5:55am

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کی ٹیم جلدی بھیجنے کی پیشکش قبول کرلی

شائع August 10, 2024
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ٹیم کو شیڈول کے مطابق 17 اگست سے پہلے 13 اگست کو اسلام آباد بھیجنے کی پیشکش قبول کرلی۔

ڈان نیوز کے مطابق سی ای او بی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم پاکستان کرکٹ بورڈ کی پیشکش کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اضافی ٹریننگ سہولت کی وجہ سے ٹیم کو بہتر تیاری ملے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں سی او او پی سی بی سلمان نصیر نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ہماری پیشکش قبول کرلی، ہم چاہتے تھے کہ بنگلہ دیش ٹیم کو ٹیسٹ سے قبل پریکٹس کا مناسب موقع مل سکے، کھیل صرف جیت ہار کا نام نہیں ہے یہ دوستی بھی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش بورڈ کو پیشکش کی تھی کہ وہ اپنی ٹیم پہلے بھیج دے، کیوں کہ ڈھاکہ کے حالات کی وجہ سے بنگلہ دیشی ٹیم کو وہاں پریکٹس کا موقع نہیں مل سکا۔

پی سی بی کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کو شیڈول کے مطابق 17 اگست کو اسلام آباد پہنچنا تھا، تاہم اب مہمان ٹیم 13 اگست کو لاہور پہنچے گی۔

پی سی بی نے کہا کہ بنگلہ دیش ٹیم اب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 3 روز پریکٹس کرکے اسلام آباد جائے گی، بنگلہ دیش ٹیم 18 سے 20 اگست تک راولپنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 اگست سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، جب کہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 30 اگست سے کراچی میں ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، شان مسعود کپتان جب کہ سعود شکیل کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں کئی ماہ سے جاری پرتشدد مظاہروں کے بعد 5 اگست کو 15 سال سے حکومت پر براجمان شیخ حسینہ واجد عہدے سے استعفیٰ دے کر بھارت فرار ہوگئی تھیں، مظاہرے طلبہ رہنماؤں کی قیادت میں ہوئے جس میں سیکڑوں افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

وزیر اعظم حسینہ واجد کے مستعفی ہونے کے بعد محمد یونس کو مظاہروں کی قیادت کرنے والے طلبہ کے مطالبے پر عبوری حکومت کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا اور 2 روز قبل انہوں نے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ کے طور پر حلف اٹھا لیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 19 ستمبر 2024
کارٹون : 17 ستمبر 2024