مسوڑوں سے خون آنا وٹامن سی کی کمی کی علامت
ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ مسوڑوں یا دانتوں سے خون بہنا یا پھر مسوڑوں میں سوزش ہونا بھی وٹامن سی کی کمی کی علامت ہو سکتی ہے، تاہم اس کی دیگر وجوہات بھی ہوتی ہیں۔
طبی جریدے میں شائع ایک تحقیق کے مطابق واشنگٹن یونیورسٹی کے ماہرین کی جانب سے کی جانے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ جب آپ کے دانتوں سے خون بہتا ہے تو سب سے پہلے برش کرنے کے بارے میں نہیں سوچنا چاہیے بلکہ یہ جاننے کی کوشش کرنی چاہیے کہ ایسا کیوں ہورہا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ جسم میں وٹامن سی کی کمی اس کی ایک ممکنہ وجہ ہوسکتی ہے۔
اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے نیوٹریشن ریویوز میں شائع ہوئے، جس میں 5 ممالک میں ہونے والے 15 کلینیکل ٹرائلز کا تجزیہ کیا گیا، جن میں 10 ہزار کے قریب افراد شامل تھے۔
نتائج سے ثابت ہوا کہ دانتوں سے خون بہنا دوران خون میں وٹامن سی کی کمی کا نتیجہ بھی ہوسکتا ہے اور غذا میں اس کا استعمال بڑھانا یہ مسئلہ حل کرسکتا ہے۔
محققین کا کہنا تھا کہ ہم یہ نہیں کہتے کہ وٹامن سی سے مسوڑے کی سوزش کا مکمل طور ریورس کیا جاسکتا ہے، تاہم نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ وٹامن سی کا استعمال فائدہ پہنچا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وٹامن سی کی کمی دانتوں سمیت متعدد اعضا سے جریان خون کا باعث بن سکتی ہے جس کا علاج خلال سے ممکن نہیں۔
ترش پھلوں کی شکل میں وٹامن سی کو جسم کا حصہ بنایا جاسکتا ہے یا اگر غذا کے انتخاب میں مشکل ہو تو اس کے سپلیمنٹس بھی دستیاب ہیں، جن کا روزانہ 100 سے 200 ملی گرام استعمال کرنا چاہیے۔
محققین کا کہنا تھا کہ منہ کی صفائی اور وٹامن سی وغیرہ سے مسوڑے کے مسائل کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے اور جزوی طور پر مسوڑوں کی سوزش کو ریورس بھی کیا جاسکتا ہے، تاہم زیادہ مسئلہ ہونے پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا بہتر ہے۔