نواز شریف کی تصویر پر جوتے مارنے کے الزام میں دہشتگردی کا مقدمہ درج
ملک کے سیاحتی مقام مری میں یوم آزادی کی رات پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے پینا فلیکس پر جوتے مارنے والے ملزمان کے خلاف انسداد دہشتگردی کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق تھانہ مری میں مقدمہ سول ڈیفنس مری کے وارڈن محمد سہیل رشید کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں 11 افراد کو نامزد جب کہ چالیس کو نامعلوم ظاہرکیا گیا ہے۔
مدعی مقدمہ کے مطابق پی ٹی آئی کے جھنڈے اٹھائے افراد نے حکومت مخالف نعرے بازی کی، ملزمان نے نجی ہوٹل پر پتھراؤ کیا، روکنے پر کار سرکار میں مداخلت اور مزاحمت کی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان کے ڈنڈوں کے وار سے مدعی مقدمہ سمیت احتشام اور احسن مطلوب زخمی ہو گئے، ملزمان نے خوف و ہراس پھیلا کر ہوٹل کو نقصان پہنچایا اور مدعی مقدمہ کی یونیفارم بھی پھاڑی دی۔
ملزمان کے خلاف انسداد دہشتگردی کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔