• KHI: Fajr 5:03am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:28am Sunrise 5:49am
  • ISB: Fajr 4:30am Sunrise 5:54am
  • KHI: Fajr 5:03am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:28am Sunrise 5:49am
  • ISB: Fajr 4:30am Sunrise 5:54am

ملک بھر میں یوم دفاع جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا

شائع September 6, 2024 اپ ڈیٹ September 7, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

وطن عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں یوم دفاع و شہدا بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

یوم دفاع کے موقع پر صدر مملکت آصف زرداری نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ملکی خود مختاری کےدفاع کی جانب غیرمتزلزل قومی عزم کی یاد دلاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج قومی خودمختاری، ملکی سالمیت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، کشمیری عوام کی حالتِ زار کا ازالہ کرکے ہی خطے میں دیرپا امن ممکن ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ افواج کے عظیم سپوتوں نے 6 ستمبر 1965 کو حملہ آور دشمن کو شکست فاش دی۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا خطے میں قیام امن اور ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، تقسیم کشمیر برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے کشمیری عوام کی اُمنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

یوم دفاع وشہدا کے موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ چھ ستمبر کا دن قومی و عسکری تاریخ میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آج کے دن بری، بحری اور فضائی افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملادیے تھے، جنگ ستمبر کے موقع پر قومی اتحاد و یکجہتی کا جذبہ اور مسلح افواج اور قوم کے لیے سرمایہ افتخار ہے۔

یوم دفاع و شہدا کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور مسلح افواج نے اپنے پیغام میں کہا کہ 1965 کی جنگ کی فاتحانہ وراثت کو فخر کے ساتھ یاد کررہے ہیں جو قوم کے ناقابل تسخیر عزم اور غیرمتزلزل جذبے کی مثال ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دن مادر وطن کا دفاع کرنے والے بہادر جوانوں کی قربانی اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، 59 سال قبل افواج پاکستان نے فیصلہ کن طور پر دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور ایک تاریخی فتح حاصل کی جو تاریخ میں ہمیشہ کے لیے لکھی جائے گی، 1965 کی جنگ امید کی کرن تھی جس نے مصیبت کے وقت قوم کی لچک اور عزم کی مثال دیکھی افواج تمام خطرات اور چیلنجوں سے ملک کے دفاع کے لیے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے یومِ دفاع پر پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 6 ستمبر 1965 پاکستان کی تاریخ کا ناقابل فراموش دن ہے، 6 ستمبرکو پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے مادر وطن کا بھرپور دفاع کیا، رات کی تاریکی میں حملہ آور بزدل دشمن کو پاک فوج نے داندن شکن جواب دیا، افواج پاکستان کے جری سپوتوں نے بے مثال بہادری سے دشمن کو پسپا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہدا کی قربانیاں اور فوجی جوانوں کی جرات و بہادری ہماری پہچان اور فخر ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پاک وطن کے جوانوں نے اپنی لازوال قربانیوں سے ثابت کیا کہ قومیں جنگیں ہتھیاروں سے نہیں بلکہ ایمان اور حوصلے سے جیتتی ہیں، تاریخ عالم پاک فوج کی بہادری کی لازوال داستانیں رقم کرنے کی کوئی دوسری مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ دفاع وطن کے لیے جان نچھاور کرنے والے بہادر سپوتوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے، دفاع وطن کے لیے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے شہدا ہماری آن،بان اور شان ہیں، پوری قوم شہدائے وطن اور ان کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کااظہار کرتی ہے، یہ دن ہمیں اپنے فوجی جوانوں کی بہادری اور عزم کی یاد دلاتا ہے، ہم آج اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی سے گریز نہیں کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 19 ستمبر 2024
کارٹون : 17 ستمبر 2024