حکومت ملک میں فٹ بال کے کھیل کی ترویج کیلئے مکمل معاونت کرے گی، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں فٹ بال کے کھیل کی ترویج کے لیے مکمل معاونت کرے گی۔
ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے حال ہی میں ناروے میں بہترین کارکردگی دکھانے والی پاکستان کی اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم سے ملاقات کی۔
ملاقات میں فٹبال ٹیم کے کپتان محمد عدیل، ٹاپ سکورر محمد کاشف، ٹیم منیجر سید محمد اویس، مسلم ہینڈز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید جاوید گیلانی، ڈائریکٹر گلوبل آپریشنز ارسلان نصرت، کمیونیکیشن ڈائریکٹر محمد ریحان طاہر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ، چیئرمین وزیرِاعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹرز رومینہ خورشید عالم اور بدر شہباز کے ساتھ ساتھ متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیرِ اعظم کو مسلم ہینڈز کی جانب سے پاکستان اور دنیا بھر میں اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال کیلئے اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ترجیحی بنیادوں پر محکمانہ کھیلوں کو مکمل طور پر بحال کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک بھر سے بہترین ٹیلنٹ کی عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی ایک اعزاز ہے، حکومت ملک میں فٹ بال کے کھیل کی ترویج کیلئے مکمل معاونت کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم کے کھلاڑی پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں، آپ سب کھلاڑی پاکستان کے درخشاں ستارے ہیں، آپ کی بہترین کارکردگی اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کو موقع ملے تو وہ پوری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے، بہت جلد پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کیلئے ایک جامع پلان کے نفاذ کا آغاذ کریں گے۔
بعد ازاں، وزیراعظم نے مسلم ہینڈز کے پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال کی ترقی کیلئے اقدامات کو سراہا، جب کہ کھلاڑیوں نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔