• KHI: Fajr 5:18am Sunrise 6:34am
  • LHR: Fajr 4:50am Sunrise 6:12am
  • ISB: Fajr 4:56am Sunrise 6:19am
  • KHI: Fajr 5:18am Sunrise 6:34am
  • LHR: Fajr 4:50am Sunrise 6:12am
  • ISB: Fajr 4:56am Sunrise 6:19am

چین کا کمزور معیشت کے فروغ کیلئے نئے اقدامات کا اعلان

شائع September 24, 2024
چینی مرکزی بینک کے سربراہ پین گونگ شینگ — فائل فوٹو: اے ایف پی
چینی مرکزی بینک کے سربراہ پین گونگ شینگ — فائل فوٹو: اے ایف پی

چین نے اپنی کمزور معیشت کو بہتر بنانے کے لیے جرأت مندانہ اقدامات کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد اپنی کمزور معیشت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ جائیداد کے شعبے کے قرضوں کے طویل بحران اور نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دنیا کی دوسری بڑی معیشت چین کرونا وبا کے بعد معاشی استحکام حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ حکومت نے 2024 میں 5 فیصد کی ترقی کا ہدف مقرر کیا ہے جسے ماہرین موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے مشکل قرار دے رہے ہیں۔

چینی مرکزی بینک کے سربراہ پین گونگ شینگ نے بیجنگ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہےکہ وہ ملک میں معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لیے مختلف شرحوں میں کمی کریں گے۔

کیپیٹل اکنامکس میں چینی معیشت کے سربراہ جولین ایونز نے کہا ہے کہ یہ اقدامات کرونا وبا کے اوائل کے بعد معاشی ترقی کی فروغ کے لیے سب سے اہم ہیں۔

پین گونگ شینگ کے مطابق ان اقدامات کے اعلان میں ریزرو ریکوائرمنٹ ریشو میں کمی بھی شامل ہے جو یہ طے کرتی ہے کہ بینکوں کو کتنی رقم ریزرو میں رکھنی چاہیے، اس اقدام سے مالیاتی مارکیٹ میں ایک کھرب یوان (141.7 بلین ڈالر) کی طویل مدتی لیکویڈٹی شامل کی جائےگی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت گھروں کے لیے قرضوں کے موجودہ شرح کو بھی کم کریں گی اور یہ کمرشل بینکوں کی رہنمائی کرے گی تاکہ موجودہ قرضوں کی شرح سود کو نئے جاری کردہ قرضوں کی شرح سود کے قریب لایا جاسکے۔

پین گونگ شینگ نے کہا کہ اس اقدام سے ملک بھر میں15 کروڑ افراد کو فائدہ پہنچے گا۔

چین کی جانب سے ان اقدامات کے اعلان کے بعد ہانگ کانگ میں شیئرز میں تین فیصد سے زیادہ اور شنگھائی کے شیئرز میں 2 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔

واضح رہے کہ چین کی مجموعی ملکی پیداوار میں جائیداد اور تعمیرات کا طویل عرصے سے ایک چوتھائی سے زیادہ حصہ رہا ہے، لیکن یہ شعبہ 2020 سے غیر معمولی دباؤ کا شکار ہے۔

چین ایورگرینڈ اور کنٹری گارڈن سمیت بڑی کمپنیاں مشکلات کا شکار ہیں جبکہ کم ہوتی ہوئی قیمتوں نے صارفین کو جائیداد میں سرمایہ کاری کرنے سے روک دیا ہے۔

بیجنگ نے اس شعبے کو فروغ دینے کے لیے متعدد اقدامات کا اعلان کیا ہے، جن میں پہلی بار گھر خریدنے والوں کے لیے کم از کم ادائیگی کی شرح کو کم کرنا اور حکومت کو تجارتی رئیل اسٹیٹ خریدنے کا مشورہ دینا شامل ہے۔

مرکزی حکومت کے مطابق، چین میں مقامی حکام کو 56 کھرب ڈالر کے قرضوں کے بوجھ کا سامنا ہے، جس نے وسیع تر اقتصادی استحکام کے بارے میں خدشات کو جنم دیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 اکتوبر 2024
کارٹون : 22 اکتوبر 2024