راولپنڈی میں تماشا لگانے کی اجازت نہیں، فتنہ گروپ فساد پھیلانا چاہتا ہے، عظمی بخاری
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں تماشا لگانے کی اجازت نہیں، فتنہ گروپ جلسے کی آڑ میں فساد پھیلانا چاہتا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فتنہ گروپ جلسے کی آڑ میں فساد پھیلانا چاہتا ہے، مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایس سی او کانفرنس کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو سختی سے نمٹیں گے، ہمارے پاس ان کے ارداوں کی ساری تفصیلات موجود ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے آج پھر راولپنڈی پر یلغار کے لیے آنا ہے۔
عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ جب ملک کے حالات بہتر ہونے لگتے ہیں تویہ فتنے سر اٹھا لیتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ فتنہ فساد کرنے والے پاکستان کی خوشی میں خوش نہیں ہوسکتے، آئی ایم ایف کو خط لکھنا ان کے لیے ڈوب مرنےکا مقام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ طے پانے میں معیشت کی بہتری میں مدد ملےگی، وزیراعظم کی تقلید کرتے ہوئے باقی مسلم ممالک نے بھی اسرائیلی وزیراعظم کا بائیکاٹ کیا۔
وزیراطلاعات پنجاب نے تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں فساد کا پروگرام بنایا گیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے سوال اٹھایا کہ کیا کوئی سیاسی جماعت اسلحہ کے ساتھ جلسہ کرنے آتی ہے؟ مزید کہنا تھا کہ چند شرپسند عناصر کسی بھی حالت میں پاکستان کی ترقی اور استحکام سے خوش نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں نے بھی تسلیم کیا کہ پاکستانی معیشت مستحکم ہو رہی ہے، پاکستان میں مہنگائی کی شرح 4 سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پوری دنیا نے کشمیر اور فلسطین پر پاکستان کے مؤقف کو سنا، وزیراعظم نےاسرائیلی وزیراعظم کی تقریرکا بائیکاٹ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نےاقوام متحدہ میں فلسطین اور کشمیر کا بھرپور مقدمہ لڑا۔