جماعت اسلامی کا کل ملک بھر میں شہید حسن نصراللہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کا اعلان
جماعت اسلامی پاکستان نے کل ملک بھر میں شہید حسن نصراللہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کا اعلان کردیا۔
اپنے ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کل ملک بھر میں شہید حسن نصراللہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جماعت اسلامی کی طرف سے دھرنے ہوں گے، مہنگی بجلی اور آئی پی پیز کے خلاف شاہراہوں پر احتجاجی دھرنے دیں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ دنیا بھر کے عوام اسرائیل کی ناجائز صہیونی ریاست کے خلاف آواز بلند کریں، عوام کل ملک بھر میں لبنان اور فلسطین کی مزاحمتی طاقتوں سے یکجہتی کا اظہار کریں۔
دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصرالله کی شہادت کی تصدیق کے بعد احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔
ریلیوں کا انعقاد امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی کی جانب سے کیا گیا، ریلیاں گلستان سوسائٹی سے جمالی پل، نمائش چورنگی کے قریب امام بارگاہ شاہ خراسان سے امام بارگاہ علی رضا تک نکالی گئیں۔
اورنگی ٹاؤن اور اسٹیل ٹاؤن میں بھی حسن نصراللہ کی شہادت کے حوالے سے احتجاج کیا گیا، حسین آباد سے نکالی گئی ریلی ملیر 15 پرختم ہوئی، احتجاج کے شرکا بچے اور بزرگ شہری بھی شامل تھے۔
واضح رہے کہ آج ایران کی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیلی حملے میں اپنے سربراہ حسن نصراللہ کی شہادت کی تصدیق کردی جب کہ اسرائیل نے گزشتہ روز بیروت حملوں میں ان کے علاوہ دیگر سینئر رہنماؤں کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایک روز قبل ہونے والے اس حملے میں حسن نصراللہ کی بیٹی زینت نصراللہ نے بھی جام شہادت نوش کیا جب کہ اسرائیلی فوج کے مطابق حزب اللہ کے دو اہم کمانڈر بھی اس حملے میں دم توڑ گئے۔
حسن نصرااللہ کی شہادت کے بعد حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ تنظیم کی قیادت اس بات کا عزم کرتی ہے کہ وہ دشمن کا مقابلہ کرنے، غزہ، فلسطین کی حمایت، لبنان اور اس کے ثابت قدم اور قابل احترام عوام کے دفاع میں اپنا جہاد جاری رکھے گی۔