• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

حکومت کا پیٹرول 2 روپے اور ڈیزل 3 روپے 40 پیسے سستا کرنے کا اعلان

شائع September 30, 2024
یکم جون 2024 سے لے کر اب تک حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 21.23 روپے فی لیٹر کی کمی کی جا چکی ہے— فائل فوٹو: اے پی پی
یکم جون 2024 سے لے کر اب تک حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 21.23 روپے فی لیٹر کی کمی کی جا چکی ہے— فائل فوٹو: اے پی پی

حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر کمی کا اعلان کرتے پیٹرول 2 روپے اور ڈیزل 3روپے 40 پیسے سستا کرنے کا اعلان کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق حکومت نے اگلے 15 دن کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا اعلان کردیا۔

حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 2 روپے 7 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 40 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے تین پیسے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 57 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔

قیمتوں میں کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت249.10 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 247.03 روپے فی لیٹر ہوگئی۔

اسی طرح تین روپے 40 پیسے کمی کے بعد ڈیزل کی قیمت 249.69 روپے سے کم ہو کر 246.29 روپے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔

مٹی کے تیل کی قیمت 158.47 روپے سے کم ہو کر 154.90 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 141.93 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 140.90 روپے فی لیٹر ہو گئی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کیا جا رہا ہے۔

نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے گزشتہ چند ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مرحلہ وار نمایاں تبدیلی کی گئی ہے۔

گزشتہ ماہ 15 ستمبر کو حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 6 پیسے کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔

اس سے قبل 31 اگست کو وفاقی حکومت نے پیٹرول 1.86 روپے اور ڈیزل 3.32 روپے فی لیٹر سستا کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ اس سے قبل 15 اگست کو پیٹرول کی قیمت 8.47 روپے اور ڈیزل کی قیمت 6.7 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔

یکم جون 2024 سے لے کر اب تک حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 21.23 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 18.67 روپے فی لیٹر تک کمی کی جا چکی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024