حماس کا خان یونس میں اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ
فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم اس حوالے سے کوئی اعداد وشمار جاری نہیں کیے گئے ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق حماس کے القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے جنوبی غزہ میں خان یونس کے مشرق میں واقع الفخری کے علاقے میں بارودی سرنگیں بچھانے کے بعد اسرائیلی انجینئرنگ یونٹ کے ارکان کو ہلاک اور زخمی کر دیا ہے۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں ایک اسکول پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد شہید ہوگئے تھے۔
اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے مشرق میں تفح محلے میں بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہ ’شجاعیہ بوائز اسکول‘ کو نشانہ بنایا جس میں 6 افراد کی شہادت کی تصدیق ہوگئی ہے جب کہ حملے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
فلسطین کی نیوز ایجنس وفا کی رپورٹ کے مطابق وسطی غزہ میں نصرات پناہ گزین کیمپ میں دو گھروں پر ہونے والے حملے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 13 افراد شہید ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے نصیرات کیمپ میں ابو عطیہ اور ابو شامی خاندانوں کے گھروں کو نشانہ بنایا گیا تھا، حملے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق دمشق پر اسرائیلی حملے میں کم از کم 3 افراد کی شہادت اور 9 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
المیادین نیوز ادارے کی رپورٹ کے مطابق شام کے دارالحکومت کے علاقے میزہ میں ہونے والے اس حملے میں شہید ہونے والوں میں مقامی صحافی صفا احمد بھی شامل ہیں، تاہم اسرائیلی فوج نے ابھی تک اس حملے کی تصدیق نہیں کی ہے۔