• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm

حماس اور حوثیوں کا اسرائیل پر ایرانی میزائل حملوں کا خیرمقدم

شائع October 2, 2024
ایران کی جانب سے اسرائیل پر تقریباً 200 میزائل داغے گئے— فوٹو: رائٹرز
ایران کی جانب سے اسرائیل پر تقریباً 200 میزائل داغے گئے— فوٹو: رائٹرز

ایران کے اسرائیل پر میزائل حملے کا حماس اور حوثیوں نے خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں حملے پر مبارکباد پیش کی ہے جبکہ عراقی مزاحمتی گروپ نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے جارحیت میں اسرائیل کا ساتھ دیا تو امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

حماس نے منگل کو اسرائیل پر ایران کے میزائل حملے کی تعریف کی کرتے ہوئے کہا کہ یہ حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت کا بدلہ ہے۔

حماس نے اپنے بیان میں کہا کہ اسلامی مزاحمتی تحریک حماس ایران میں پاسداران انقلاب کی طرف سے ہماری مقبوضہ سرزمین کے وسیع علاقوں پر کیے گئے جرات مندانہ راکٹ حملوں پر انہیں مبارکباد پیش کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے بہادر شہدا کے خون کا بدلہ ہے۔ اسی طرح یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے بھی ایرانی میزائل حملوں کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔

حوثیوں کے ترجمان محمد عبدالسلام نے ایرانی فوجی آپریشن کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے فلسطین کی حمایت کی عکاسی اور خطے میں اسرائیل کی بالادستی کو چیلنج کرتے ہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ صہیونی وجود کو روکنا اور اس کا مقابلہ کرنا ہی اس پر حکمرانی کرنے اور اسے لبنانی اور فلسطینی عوام اور باقی خطے میں وحشیانہ جرائم سے روکنے کا واحد راستہ ہے۔

دوسری جانب عراقی مزاحمتی گروپ نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ کہ اگر واشنگٹن نے ایران پر حملے میں اسرائیل کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تو عراق میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

ٹیلی گرام پر ایک بیان میں عراقی مزاحمتی رابطہ کمیٹی نے کہا کہ اگر امریکا نے اسرائیل پر ایرانی میزائل حملے کے جواب میں عراقی فضائی حدود کا استعمال کیا تو اس کے اڈوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکا، ایران کے خلاف کسی جارحانہ اقدام کا حصہ بنتا ہے یا اگر صہیونی دشمن عراقی فضائی حدود کو ایرانی سرزمین پر بمباری کے لیے استعمال کرتا ہے تو عراق اور خطے میں تمام امریکی اڈے اور مفادات ہمارا ہدف ہوں گے۔

واضح رہے کہ ایران نے لبنان میں اپنی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کے خلاف اسرائیلی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے صہیونی ریاست پر درجنوں بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں۔

اسرائیلی فوج کے دو عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے تقریباً 200 بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے۔

تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ میزائل کسی بڑی تباہی کا سبب نہیں بنے کیونکہ اسرائیلی آئرن ڈوم نے انہیں بیچ میں ہی تباہ کردیا۔

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ایران سے بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے ہیں، ہمیں امریکا نے ایران کی جانب سے ممکنہ میزائل حملے سے خبردار کیا تھا اور ایران کی جانب سے میزائل حملےکے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024