• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پاکستان سے ایک لاکھ ٹن چاول درآمد کریں گے، وزیراعظم ملائیشیا

شائع October 3, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نے کہا ہے کہ پاکستان سے ایک لاکھ ٹن چاول درآمد کریں گے، آئندہ ماہ کراچی میں ملائیشیا اپنا تجارتی دفتر بھی کھولے گی۔

اسلام آباد میں شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اچھے الفاظ سے مخاطب کرنے، میزبانی، سپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا بااعتماد برادر ملک ہے، میرا یہ دورہ بڑا معنی خیز ہے، قائد اعظم محمد علی جناح بصیرت افروز اور دور اندیش رہنما تھے، میں نے کئی بار ان کے فرمودات کا اپنی تقاریر میں حوالہ دیا ہے۔

داتو سری انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ ہمارا وسیع تبادلہ خیال نہ صرف دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے ہوا ہے بلکہ بااعتماد دوست ملک کے حوالے سے ہوا ہے، ہم نے متعدد مسائل پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا اگلے مہینے کولالامپور میں ملاقات کریں گے، ہمیں امید ہے کہ جن باتوں پر ہمارے درمیان اتفاق ہوا ہے، اس پر عملدرآمد کو ممکن بنائیں گے۔

داتو سری انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ حلال گوشت کی درآمد کے حوالے سے پاکستان ہماری ترجیح ہے، ہم پاکستان سے درآمدات کے حوالے سے چیزوں کو تیز کررہے ہیں، ہم پاکستان سے ایک لاکھ ٹن چاول درآمد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ کراچی میں ملائیشیا اپنا تجارتر دفتر بھی کھولے گی، مزید کہا کہ ملاقات میں ہنرمند افرادی قوت کے حوالے سے بھی امور زیر غور آئے، ملائیشیا میں ہم آئی ٹی، ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت پر توجہ دے رہے ہیں۔

ملائیشین وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اسپیشل اکنامک زون کے حوالے سے بھی بات کی ہے، اسی طرح ملٹری اور دفاع کے ساز و سامان کی خریداری کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال ہوا ہے۔

انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادوں کی حمایت کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر تشویش ہے، افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی ہے، افغان حکومت اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن کو فروغ دے، مزید کہنا تھا کہ افغان حکومت انسانی حقوق اور خواتین کی تعلیم سے متعلق عالمی برادری کے خدشات دور کرے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں آپ نے غزہ میں اسرائیلی مظالم، انسانی حقوق اور انصاف کی فراہمی کے لیے بھرپور آواز بلند کی، ہم اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملائیشیا کے اعلیٰ سطح کے وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پرغور ہوا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملائیشین ہم منصب کے ساتھ ملاقات سیر حاصل اور بامعنی رہی، ملائیشیا کے ساتھ مل کر دوطرفہ تجارت کو مزید بڑھائیں گے۔

وزیراعظم نے یقین دلایا کہ ہم طےکردہ معیار پر پورا اتریں گے، مزید کہنا تھا کہ باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے ملائیشین ہم منصب کی خدمات قابل قدر ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے اپنے حقوق کی خاطر بڑی قربانیاں دی ہیں، مزید کہا کہ انسانیت سوز مظالم کے باوجود کشمیری عوام جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024