پاک فوج اور حکومت مل کر عوامی مسائل حل کر رہے ہیں، احسن اقبال
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان تحریک انصاف کو اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو سڑکوں کی سیاست کرنی ہے تو ایوان چھوڑ دیں۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ اراکین اسمبلی کو ٹی اے ڈی اے الاؤنس اس لئے نہیں ملتے کہ وہ سڑکوں پر رہیں، پی ٹی آئی کو سڑکوں کی سیاست کرنی ہے تو ایوان چھوڑ دیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے 8 فروری کے نتائج مانے، اسی لیے اسمبلی میں بیٹھے ہیں، اعتراض تھا تو اسمبلی سے باہر ہوجاتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آرمی اور حکومت ملکر لوگوں کے مسائل حل کر رہی ہے۔
’مصنوعی ذہانت کی بنیاد ڈیٹا معلومات پر مبنی فیصلہ سازی بہت ضروری ہے‘
قبل ازیں وزیر منصوبہ بندی نے پی بی ایس ڈیٹا فیسٹ 2024 کی تیاریوں کے لیے جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں سیکریٹری پلاننگ اویس منظور سمرا، چیف اسٹیٹس ٹیشن ڈاکٹر نعیم ظفر اور ممبر محمد سرور گوندل سمیت اہم افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد ڈیٹا فیسٹ 2024 کے زریعے ڈیٹا کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور اس کو ترقی کے لیے بروئے کار لانا تھا، ڈیٹا فیسٹ 2024 کا مقصد ڈیٹا خواندگی کو فروغ دینا اور ڈیٹا کے اسٹریٹجک استعمال کے ذریعے جدت، انضمام اور ترقی کو بڑھانا ہے۔
اجلاس کے سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نےاس بات پر زور دیا کہ ڈیٹا کے ذریعے فیصلہ سازی کو مضبوط بنانا پاکستان کی ہر شعبے میں ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیٹا معلومات پر مبنی پر فیصلہ سازی کی بنیاد ہے اور یہ بہت ضروری ہے کہ ہم اس سے مکمل طور پر فائدہ اٹھا کر اپنے ملک کی پوری صلاحیت کو بروئے کار لائیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کی پہلی ڈیجیٹل اور مجموعی طور پر ساتویں مردم شماری 2023 کی بنیاد پر صوبائی سطح پر رپورٹس جاری کی جائیں تاکہ مقامی سطح پر مباحثے کو فروغ ملے اور پالیسی سازی کے عمل میں بہتری لائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹس صوبے کی سماجی و اقتصادی حالت کو بہتر طور پر سمجھنے اور مؤثر پالیسی منصوبہ بندی کے لیے اہم ہوں گی۔
احسن اقبال نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس ایونٹ میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ماہرین اور جامعات کے اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیٹا مصنوعی ذہانت کی بنیاد ہے، اور اس فیسٹیول کے ذریعے ہم ڈیٹا اور ٹیکنالوجی کے درمیان خلا کو پُر کرنے کے لیے ماہرین اور تعلیمی شعبے کے ساتھ تعاون کریں گے تاکہ قومی ترقی کے لیے جدید حل تلاش کیے جا سکیں۔
وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ ڈیٹا فیسٹ 2024 میں جامعات کے طلبا کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے اور ان کے لیے ڈیٹا مقابلوں کا اہتمام کیا جائے تاکہ وہ پی بی ایس کے ڈیٹا کو تخلیقی طریقوں سے استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔