پی ٹی آئی احتجاج میں سرکاری وسائل کا استعمال، وزارت داخلہ نے کمیٹی تشکیل دے دی
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے احتجاج میں خیبرپختونخوا کی سرکاری مشینری کا استعمال کرنے پر وزات داخلہ نے کمیٹی تشکیل دے دی۔
ڈان نیوز کےمطابق پی ٹی آئی کے احتجاج میں خیبرپختونخوا کی سرکاری مشینری کے استعمال پر وفاق نے ایکشن لیتے ہوئے کمیٹی تشکیل دی ہے۔
ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ رفعت مختار، ایڈشنل ڈائریکٹر جنرل (ایف آئی اے) منیرمسعود مارتھ کمیٹی میں شامل ہیں جبکہ انٹیلی جنس بیورو کے 20 گریڈ سے اوپر کے افسران بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔
نوٹفکیشن کے مطابق کمیٹی پی ٹی آئی کے مارچ میں گاڑیوں کے استعمال اور دھرنے میں شامل ہونے والے خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین کی انکوائری کرے گی۔
وزارت داخلہ کی طرف سے قائم کی گئی کمیٹی کو احتجاج میں شامل ملازمین کی شناخت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
انکوائری کمیٹی منصوبہ بندی اور رابطہ کاری میں ملوث سرکاری ملازمین کا تعین کر کے 7 دنوں میں رپورٹ پیش کرے گی۔