میکسیکو میں ڈرگ مافیاز کی پرتشدد کارروائیوں میں 192 افراد ہلاک
میکسیکو کی شمال مشرقی ریاست سنالووا میں ڈرگ مافیاز کے درمیان جاری پرتشدد واقعات کی لہر میں کم ازکم 192 افراد ہلاک ہوگئے۔
ترک خبر رساں ادارے ’انادولو‘ کے مطابق شمال مغربی میکسیکو کے مقامی مبصر گروپ (اسٹیٹ پبلک سیکیورٹی کونسل) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 6 ستمبر کو شروع ہونے والے پرتشدد واقعات میں تقریباً 200 افراد قتل اور 226 لاپتا ہوچکے ہیں۔
مبصر گروپ کے مطابق ڈرگ کارٹل کے متحارب گروہوں میں پرتشدد واقعات کے باعث 200 خاندان نقل مکانی پر مجبور ہوئے جبکہ 180 کاروباروں کی بندش سے تقریباً 2 ہزار افراد بےروزگار ہوچکے ہیں۔
5 جولائی کو بدنام زمانہ منشیات گینگ کے سرغنہ اور سینالووا کارٹیل کے شریک بانی اسمٰعیل ’ایل میو زمباڈا‘ کی گرفتاری کے بعد، زمباڈا اور جوکون ’ایل چاپو‘ گزمین کے قائم کردہ کارٹیل میں جاری طاقت کے حصول کی کشمکش میں شدت آگئی ہے، واضح رہے کہ سینالوا کے شریک بانی ایل چاپو ایک امریکی جیل میں قید ہیں۔
70 سالہ زمباڈا کی ریاست ٹیکساس میں امریکی حکام کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد چپیٹوس کے نام سے مشہور ایل چاپو کے بیٹوں اور حامیوں نے اپنے آبائی شہر سینالووا میں وحشیانہ جنگ چھیڑ دی تھی۔
واضح رہے کہ چپیٹوس اور زمباڈا کے حامیوں کے مسلح جتھوں کے حرکت میں آنے کے بعد سینالووا کے گورنر روبن روچا مویا نے گزشتہ ہفتے ریاست میں امن و امان کے قیام کے لیے 590 نیشنل گارڈ کے دستے بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔
روبن روچامویا نے کہا کہ ’ہمیں امید ہے کہ وہ ہماری مدد کریں گے، نیشنل گارڈ، ایئر فورس، نیوی اور ریاستی پولیس بھی بھرپور رابطے میں ہیں جس کے باعث تشدد میں کمی آئی ہے، تاہم بدقسمتی سے ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ مسئلہ مکمل طور پر حل ہوگیا ہے۔‘