• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ملتان ٹیسٹ: پاکستان کا انگلینڈ کےخلاف پہلے ٹیسٹ کی پچ دوبارہ استعمال کرنے کا فیصلہ

شائع October 13, 2024
باؤلرز کے پیروں کے نشانات، پنکھوں اور سخت دھوپ نے پچ میں مزید دراڑیں پیدا کردی ہیں — فوٹو: کرک انفو
باؤلرز کے پیروں کے نشانات، پنکھوں اور سخت دھوپ نے پچ میں مزید دراڑیں پیدا کردی ہیں — فوٹو: کرک انفو

پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ملتان میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے لگاتار دوبار ایک ہی پچ کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پچ کو ٹرننگ ٹریک بنانے کے لیے وکٹ کے اطراف میں بڑے بڑے پنکھے بھی لگائے گئے ہیں۔

کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق پہلے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم کے ہاتھوں اننگز کی شکست سے دوچار ہونے کے بعد پاکستان نے یہ فیصلہ کیا ہے۔

اتوار کو قومی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلسپی اور کپتان شان مسعود نے پچ کا معائنہ کیا جبکہ ہیڈ کوچ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہیڈ کیوریٹر ٹونی ہیمنگ سے بھی پچ کے حوالے سے بات چیت کی۔

دوسرے ٹیسٹ میچ کی وکٹ کو اسپن فرینڈلی بنانے کے لیے اس پر اضافی پانی چھوڑا گیا جبکہ پہلے ٹیسٹ میچ میں باؤلرز کے پیروں کے نشانات، پنکھوں اور سخت دھوپ نے پچ میں مزید دراڑیں پیدا کردی ہیں۔

پاکستان کی جانب سے یہ فیصلہ غیر معمولی ہے، تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے پچ کے ضوابط میں پچ اور آؤٹ فیلڈ کو بہترین ممکنہ حالت میں ہونے کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ وکٹ کے استعمال ہونے یا غیر استعمال شدہ ہونے کی کوئی شرط عائد نہیں ہوتی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کو لگاتار 11 ہوم ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد پچ کو تبدیل نہ کرنے کا یہ فیصلہ اہمیت کا حامل ہے۔

قبل ازیں، انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا جس میں قومی ٹیم میں 6 نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جبکہ لیگ اسپنر ابرار احمد بخار کی وجہ سے ٹیم کو دستیاب نہیں ہیں۔

سلیکشن کمیٹی کی جانب سے بابراعظم، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور سرفراز احمد کو ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ہے۔

قومی اسکواڈ:

شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، حسیب اللہ (وکٹ کیپر)، کامران غلام، سلمان علی آغا، عامر جمال، مہران ممتاز، میر حمزہ، محمد علی، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024