• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

بابر اعظم کو ڈراپ کرنے کے فیصلے پر تنقید، فخر زمان کو شوکاز نوٹس جاری

شائع October 14, 2024
قومی ٹیم کے بلے باز فخرزمان — فائل فوٹو: اے ایف پی
قومی ٹیم کے بلے باز فخرزمان — فائل فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران قومی ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کو ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کے فیصلے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فخر زمان کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے کہا کہ پی سی بی نے فخر زمان سے 21 اکتوبر تک جواب طلب کیا ہے۔

انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے ڈراپ کرنے پر بابر اعظم کے حق میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں فخر زمان نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ’بابر اعظم کو ڈراپ کرنے کے بارے میں تجاویز سننا تشویشناک ہے، بھارت نے ویرات کوہلی کو 2020 اور 2023 کے درمیان ان کے مشکل وقت کے دوران ڈراپ نہیں کیا جب ان کی اوسط بالترتیب 19.33، 28.21 اور 26.50 تھی۔‘

فخر زمان نے کہا کہ ’اگر ہم اپنے بہترین بلے باز کو سائیڈ لائن کرنے پر غور کر رہے ہیں، جو یقیناً پاکستان کے اب تک کے بہترین بلے باز ہیں تو اس سے پوری ٹیم میں گہرا منفی پیغام جا سکتا ہے۔‘

انہوں نے لکھا تھا کہ ’اب بھی وقت ہے کہ پینک بٹن کو دبانے سے گریز کریں، ہمیں اپنے اہم کھلاڑیوں کو کمزور کرنے کے بجائے ان کے تحفظ پر توجہ دینی چاہیے۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں بدترین شکست کے بعد قومی ٹیم کی نومنتخب سلیکشن کمیٹی نے کپتان شان مسعود اور ہیڈ کوچ جیسن گلیپسی کی حمایت کے باوجود تجربہ کار بلے باز بابراعظم کو اسکواڈ سے ریلیز کردیا تھا۔

انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل بابر اعظم کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور سرفراز احمد کو بھی اسکواڈ سے ریلیز کردیا گیا جبکہ ابرار احمد کو بخار کی وجہ سے منتخب نہیں کیا گیا۔

یاد رہے کہ بابراعظم کو ٹیم سے ڈراپ کیے جانے پر انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے پی سی بی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ یہ انتہائی بیوقوفوں والا فیصلہ ہے۔

انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں پی سی بی پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ’پاکستان نے حالیہ دنوں میں کوئی میچ نہیں جیتا اور انگلینڈ سے بھی پہلا میچ نہیں جیت سکا اور اپنے بہترین بلے باز کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔‘

مائیکل وان نے اپنی پوسٹ میں بابر اعظم کو بھی ٹیگ کیا، انہوں نے کہا کہ ’میرے خیال میں پاکستان کرکٹ سرپرائز سے مالا مال ہے لیکن یہ فیصلہ سرِ فہرست ہے‘۔

سابق انگلش کپتان نے مزید کہا کہ یہ انتہائی بیوقوفوں والا فیصلہ ہے، البتہ اگر بابر اعظم نے خود کرکٹ سے بریک مانگی ہے تو پھر یہ فیصلہ قابل قبول ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024