• KHI: Fajr 5:18am Sunrise 6:34am
  • LHR: Fajr 4:50am Sunrise 6:12am
  • ISB: Fajr 4:56am Sunrise 6:19am
  • KHI: Fajr 5:18am Sunrise 6:34am
  • LHR: Fajr 4:50am Sunrise 6:12am
  • ISB: Fajr 4:56am Sunrise 6:19am

سکھ رہنما کے قتل کی سازش، امریکا کا بھارت سے تحقیقات تیز کرنے کا مطالبہ

شائع October 22, 2024
امریکا نے قتل کی منصوبہ بندی کا الزام بھارتی انٹیلیجنس اہلکار پر لگایا گیا تھا — فوٹو: رائٹرز
امریکا نے قتل کی منصوبہ بندی کا الزام بھارتی انٹیلیجنس اہلکار پر لگایا گیا تھا — فوٹو: رائٹرز

امریکا نے اپنے بھارتی ہم منصبوں سے نیویارک میں سکھ علیحدگی پسند رہنما کے قتل کی ناکام سازش میں بھارتی اہلکار کے ملوث ہونے کی تحقیقات کو نتیجہ خیز بنانے اور مزید احتساب کرنے کا مطالبہ کردیا۔

خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے گزشتہ سال دوہری شہریت کے حامل گروپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی منصوبہ بندی کا الزام بھارتی انٹیلی جنس اہلکار پر لگایا گیا تھا جس کے بعد گزشتہ ہفتے بھارتی انکوائری کمیٹی نے اپنی تحقیقات کے سلسلے میں واشنگٹن کا دورہ کیا تھا۔

ایک امریکی اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’ہم نے بھارت کو واضح طور پر بتایا ہے کہ امریکی حکومت نتیجہ خیز احتساب کے بغیر مکمل طور پر مطمئن نہیں ہو گی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں اس بات کا یقین ہے کہ بھارت جلد سے جلد اپنی تحقیقات کو مکمل کرے گا۔‘

واشنگٹن میں موجود بھارتی سفارتخانے نے فوری طور پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا جبکہ واشنگٹن کی جانب سے بھارتی حکام کو بھیجا گیا پیغام پہلی بار منظر عام پر آیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی محکمہ انصاف نے نیو یارک میں سکھ علیحدگی پسند رہنما کے قتل کی ناکام منصوبہ بندی کی ہدایت کرنے پر وکاش یادو پر فرد جرم عائد کی تھی۔

فرد جرم میں کہا گیا ہے کہ مئی 2023 کے آغاز میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ایک سابق افسر وکاش یادو نے بھارت اور بیرون ملک میں دیگر افراد کے ساتھ مل کر گروپتونت سنگھ پنون کے خلاف قتل کی منصوبہ بندی کی سازش کی۔

ان الزامات نے بھارت کے ساتھ امریکا کے تعلقات کا بھی امتحان لیا ہے جسے بائیڈن انتظامیہ انڈو-پیسفک خطے میں چینی عزائم کے ممکنہ انسداد کے طور پر دیکھتی ہے۔

امریکی اہلکار نے کہا کہ ’بھارت ایک ناقابل یقین حد تک اہم اور اسٹریٹجک شراکت دار ہے، ہمیں ان جیسے مشکل مسائل کو شفاف طریقے سے حل کرنے کے لیے اعتماد اور صلاحیت درکار ہوگی۔‘

سکھ علیحدگی پسند رہنما گرپتونت سنگھ نے الزام لگایا کہ وکاش یادو ایک درمیانی درجے کے فوجی ہیں جنہیں اعلیٰ بھارتی حکام نے قتل کی منصوبہ بندی کرنے کی ذمہ داری دی تھی۔

بھارت نے نومبر 2023 میں الزامات کی تحقیقات کے باضابطہ اعلان کے بعد اس حوالے سے بہت کم بیانات دیے ہیں جبکہ اس نے جون 2023 میں ایک اور سکھ رہنما کے قتل پر کینیڈا کے ساتھ سفارتی تنازع جاری رکھا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ستمبر 2023 میں بھارتی حکومت پر کینیڈا کی شہریت کے حامل سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ نجار کے قتل کا الزام عائد کیا تھا، تاہم بھارت کی جانب سے دونوں واقعات میں ملوث ہونے کی تردید کی گئی ہے۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 اکتوبر 2024
کارٹون : 22 اکتوبر 2024