اسرائیل مخالف احتجاج کے دوران گرفتار سابق سینیٹر سمیت 24 ملزمان کی ضمانت منظور
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں اسرائیل کی جارحیت کے خلاف اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے کیے گئے ایک مظاہرے کے دوران گرفتار جماعت اسلامی پاکستان کے رہنما اور سابق سینیٹر مشتاق احمد سمیت 24 ملزمان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کر لی۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے فلسطین کے حق میں احتجاج کے حوالے سے مظاہرین کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری کی سماعت کی۔
دلائل سننے کے بعد عدالت نے ڈاکٹر مشتاق احمد سمیت 24 ملزمان کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی اور ملزمان کو 10، 10 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ 3 روز قبل اسلام آباد میں فلسطین میں اسرائیل کی جارحیت کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوگئی تھی جس کے بعد کیپیٹل پولیس نے سابق سینیٹر مشتاق احمد سمیت 55 افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس نے مجموعی طور پر 55 کارکنان کو گرفتار کیا جنہیں آبپارہ کوہسار اور مارگلہ میں منتقل کیا گیا۔