• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm

’ایبسلوٹلی ناٹ‘ کا جھوٹ بولنے والی پی ٹی آئی نے جلسوں میں امریکی جھنڈے لہرائے، امیر مقام

شائع November 10, 2024
فوٹو:اے پی پی
فوٹو:اے پی پی

وفاقی وزیر امیر مقام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کے خلاف ایبسلوٹلی ناٹ کا جھوٹا بیانیہ بنانے والوں نے اسی ملک کے جھنڈے اپنے جلسوں میں لہرائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں اتوار کو دیر لوئر میں عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر زاہد خان کی رہائش گاہ پر عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سینیٹر زاہد خان نے ہزاروں ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے سینیٹر زاہد خان، ان کے بھائی، ایوب خان اور دیگر ہزاروں ساتھیوں کو اپنی، میاں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور ورکروں کی طرف سے خوش آمدید کہا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ایک پریس کانفرنس کا پروگرام تھا تاہم زاہد خان کی محبت میں جلسہ عام بن گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شریک ہیں جس پر میں سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہر لیڈر کی خواہش ہوتی ہے کہ سچائی بولنے والے اور ڈٹ جانے والے ان کے ساتھ شامل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ زاہد خان قومی سطح کے لیڈر ہیں، وہ سچ اور دلیل کے ساتھ بات کرنے کےلیے شہرت رکھتے ہیں، وہ انتہائی باہمت اور سینئر سیاستدان ہیں، ہم سب متحد ہو کر قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں علاقے اور ملک کی ترقی کے لیے آگے بڑھیں گے۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ لوگوں کو سوچنا چاہیے کہ کونسی لیڈرشپ اور پارٹی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اگر سوچیں گے تو نواز شریف اور شہباز شریف کی طرح قیادت کی حامل ایک ہی پارٹی پاکستان مسلم لیگ (ن) ملے گی کو ملک کو تمام بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں نے کئی قسم کے ایجنڈے رکھے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ ملک میں سیاسی استحکام نہ آئے، میں اپنی لیڈرشپ، وزیراعظم شہباز شریف اور اتحادیوں کو داد دیتا ہوں جنہوں نے مشکل ترین وقت میں پاکستان کی معیشت کو سنبھالا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت مہنگائی 38 فیصد سے 7 فیصد پر لائی، اس نے اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ سطح پر بلندی، زر مبادلہ کے ذخائر آگے لے جانا، سود کی شرح 22، 23 فیصد سے 15 فیصد پر لانا اور شنگھائی کانفرنس جیسے اقدامات کئے، علاقے میں بجلی، گیس، پاسپورٹ اور نادرا کے مسائل جلد حل ہوں گے۔

امیر مقام کا کہنا تھا کہ نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ( ن) ملک و قوم کی بہتری کے لیے کام کرتے ہیں، شیر کے نشان والی پارٹی میں شامل ہونے والے مایوس نہیں ہوں گے، نواز شریف کی ٹیم نے معاشی استحکام ممکن بنایا۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف والے چاہتے تھے پاکستان ڈیفالٹ کر جائے، نواز شریف کی ٹیم نے معاشی استحکام ممکن بنایا، عوام پی ٹی آئی کا اصلی چہرہ پہچان چکی، اب مزید ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے وسائل جلسے جلوس اور ریاست کے خلاف استعمال ہورہے ہیں، عوام پی ٹی آئی کی منفی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں، پی ٹی آئی اساتذہ کے جائز مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ نہیں، اساتذہ کا احترام لازم ،عوام کو پی ٹی آئی کے قول و فعل میں تضاد پر سوال کرنا چاہیے، علی امین گنڈا پور صوبے کے عوامی مسائل پر توجہ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت نے پہلے امریکا کے خلاف بیانات دیے ، اب رہائی کی امیدیں اسی سے لگائی بیٹھے ہیں، عوام نے یہ بھی دیکھا کہ ایبسلوٹلی ناٹ کا جھوٹا بیانیہ بنانے والوں نے اسی ملک کے جھنڈے اپنے جلسوں میں لہرائے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024