• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm

بلوچستان کابینہ نے صوبے میں امن وامان سے متعلق ایکٹ کی منظوری دے دی

شائع November 11, 2024
— فوٹو: بلوچستان ایکسپریس
— فوٹو: بلوچستان ایکسپریس

بلوچستان کابینہ نے صوبے میں بحالی امن کے لیے سیکیورٹی اداروں کے مربوط اقدامات کو نتیجہ خیز بنانے سے متعلق ایکٹ کی منظوری دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیر اعلٰی سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ریلوے اسٹیشن بم دھماکے کے شہدا کے لیے دعا کی گئی۔

صوبائی کابینہ نے ریلوے اسٹیشن بم دھماکے کی شدید مذمت کی، اجلاس میں بلوچستان سیکورٹی آف وینر ایبل اسٹیبلشمنٹ ایکٹ 2024 کی منظوری دی گئی۔

ایکٹ کے تحت بلوچستان میں بحالی امن کے لیے مختلف سیکیورٹی اداروں کے مربوط اقدامات کو بار آور بنایا جائے گا، ایکٹ میں بحالی امن کیلئے ذمہ داریوں کا واضح تعین کیا جائے گا۔

بلوچستان کابینہ نے راڑا شم اور کنگری میں نئے پولیس اسٹیشنوں کے قیام کی منظوری دی، چمن ماسٹر پلان لیویز تھانہ کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔

صوبائی کابینہ نے بلوچستان سلیز ٹیکس آن سروسز ریونیو اپیلیٹ ٹریبونل کے چیئرمین اور اراکین کی تعیناتی کی بھی منظوری دی جب کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے لئے درکار فنڈز کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور حکومت مل کر لڑیں گے، دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پختہ عزم سے کام کررہے ہیں اور دہشت گردی کا خاتمہ کرکے امن کی بحالی کو یقینی بنائیں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ صوبے میں مجوزہ نئے پولیس اسٹیشنوں کی حدود کا تعین عوامی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر پورے صوبے کا چہرہ ہے، صوبائی دارالحکومت کی بہتری کے لیے کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کو وسعت دی جائے، شہر کی ترقی اور خوبصورتی کے لیے درکار فنڈز کا اجرا بلا تاخیر کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں خاتون سمیت 26 افراد جاں بحق اور 62 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024